سابق وزیر اعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان نے بتادیا کہ امریکی ڈالر کی قدر کیوں بڑھ رہی ہے۔
سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر سلسلہ وار ٹوئٹس میں ریحام خان نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان میں ڈالر کی قیمت مسلسل بڑھ رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ ہفتے امریکا نے شرح سود میں اضافہ کیا جس کا اثر دنیا بھر کی مارکیٹ پر پڑا، ہماری معیشت پہلے سے بہت خراب اور ہمارا روپیہ بہت کمزور تھا جس کی وجہ سے ہم پر اس کا اثر زیادہ ہو رہا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ امریکا کی مرکزی بینک نے شرح سود میں 0.5 فیصد اضافہ کر دیا ہے جو گزشتہ 22 برسوں کے دوران سب سے بڑا اضافہ ہے۔
ریحام خان نے کہا کہ اس اضافے کی وجہ سے سرمایہ کار غریب اور ترقی پذیر ممالک سے اپنا سرمایہ نکال کر امریکامیں لگا رہے ہیں، سرمائے کی اس منتقلی سے امریکی ڈالر کی قدر بڑھ رہی ہے۔
خیال رہے کہ انٹر بینک میں ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح 190 روپے پر پہنچ گیا، پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بھی کاروبار کا منفی رجحان ہے۔
اوپن مارکیٹ میں ڈالر 1 روپے50 پیسے مہنگا ہوا ہے جس کے بعد ڈالر 191 روپے 50 پیسے کا ہوگیا ہے۔
دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بھی کاروبار کا منفی رجحان ہے، 100 انڈیکس 600 سے زائد پوائنٹس کم ہوکر 42901 ہے۔