انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) پشاور نے ارباب وسیم سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔
اے ٹی سی پشاور میں جج ولی محمد خان نے 9 مئی کو ریڈیو پاکستان کی عمارت پر حملے کے کیس کی سماعت کی۔
عدالت نے مقدمے میں ملوث ارباب وسیم سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کرنے کا حکم دیا اور ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
پراسیکیوشن نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان نے 9 مئی کو ریڈیو پاکستان کی عمارت پر حملہ کیا اور اسے آگ لگائی تھی۔
پراسیکیوشن کے مطابق ملزمان کے خلاف تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ٹرائل شروع کیا گیا، نامزد ملزمان ٹرائل میں پیش نہیں ہو رہے ہیں۔
عدالت نے متعلقہ پولیس کو ملزمان کو گرفتار کرکے اگلی سماعت پر پیش کرنے کا حکم دیا۔