وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاک چین تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کا سنگ بنیاد ہیں۔
چائنا گلوبل ٹیلی وژن نیٹ ورک کو انٹرویو دیتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان کی نئی حکومت، تمام سیاسی جماعتیں اور میری اپنی جماعت پاک چین تعلقات کو بہت اہمیت دیتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو (بی آر آئی) عالمی سطح پر بہت اقتصادی صلاحیت کا حامل ہے اور پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) اسی منصوبے کے تحت ایک اہم تعاون کا پروگرام ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سی پیک سے پاک چین اقتصادی تعاون میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے، پاکستان کو سی پیک اقتصادی منصوبے پر بہت فخر ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ نئی پاکستانی حکومت سی پیک پر چین کے ساتھ تعاون بڑھانے کی خواہش مند ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ سی پیک سے نہ صرف پاکستانی تاجروں بلکہ چینی سرمایہ کاروں کے لیے بھی اقتصادی مواقع پیدا ہوئے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم جتنی زیادہ محنت کریں گے اتنا زیادہ پاک چین تعلقات کی اقتصادی صلاحیت بڑھا سکیں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اب ہم سی پیک کے دوسرے فیز میں داخل ہورہے ہیں جس میں صنعتی اور خصوصی معاشی زونز شامل ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کورونا وبا سے نمٹنے کی چین کی زیرو کووڈ پالیسی کی تعریف کرتے ہوئے اسے متاثر کُن قرار دیا۔