وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے فلم اینڈ کلچر پالیسی 2018ء کی بحالی کا فیصلہ کرلیا۔
مریم اورنگزیب نے اسلام آباد میں فلم اینڈ کلچر پالیسی 2018ء کو بحال کرنے کا اعلان کیا۔
انہوں نے فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات کی اور انہیں فلمی صنعت کی بحالی کے حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے مطالبات اور مسائل کے حل کے لیے مل کر کام کریں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے جلد سفارشات تیار کرکے وزیراعظم شہباز شریف کو پیش کریں۔
مریم اورنگزیب نے وفد سے گفتگو میں یہ بھی کہا کہ پنجابی فلم ہمارا قیمتی اثاثہ ہے، جس پر جمود طاری ہے، اس میں پھر سے جان ڈالیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کے لیے تیار مواد پر خصوصی رعایت دیں گے تاکہ بچوں کے لیے پروگرامز کی حوصلہ افزائی ہو۔
وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ فلموں کی کہانی، معیار، ٹیکنالوجی بہتر بنانا اس قومی پالیسی کا حصہ ہے، فلم کو صنعت کا درجہ دے رہے ہیں، بطور صنعت اس شعبے کو رعایتیں دیں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ سنیما گھروں کی بحالی، نئے سنیما گھروں کی تعمیر اور فنکاروں کے لئے مراعات شامل ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عوام کو تفریح کے لیے ٹکٹ کی قیمت کم اور شوٹنگ کے لئے اجازت نامے آسان بنائیں گے۔
وزیر اطلاعات کی فلم انڈسٹری پر عائد ود ہولڈنگ ٹیکس ختم کرنے کے مطالبے پر غور کی یقین دہانی کرائی۔