• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈالر کی قدر، ریکارڈ 4.70 روپے کم، اسٹاک میں تیزی، سونا بھی سستا، عالمی منڈی میں تیل سستا ہوا تو جو کرسکتے ہیں کریں گے، وزیر خزانہ

کراچی ،اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر، خبر ایجنسیاں، مانیٹرنگ نیوز) چین سے معاہدے کے اثرات،ایکسپورٹرز نے 22کروڑ ڈالرز فروخت کردیئے، ڈالر کی قدر ریکارڈ 4.70روپے کم، اوپن مارکیٹ میں قیمت خرید 207اور قیمت فروخت 208روپےرہی.

 اسٹاک میں تیزی، سرمایہ کاری مالیت میں 43ارب 21کروڑ 3لاکھ روپے اضافہ، سونا بھی 4600 روپےتولہ سستا ہوکر ایک لاکھ 40ہزار 700 کاہوگیا،وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہاہےکہ عالمی منڈی میں تیل سستا ہوا تو جو کرسکتے ہیں کرینگے، عمران حکومت ملک کو دیوالیہ ہونے کی نہج پر چھوڑ کر گئی تھی ہم نے آئی ایم ایف سے بات کرکے بچایا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کے چینی بینکوں کے کنسورشیم سے 2.3ارب ڈالر معاہدے کے بعد ایکسپورٹرز میں بے چینی ،زیادہ قیمت حاصل کرنے کے لالچ میں روکے گئے ڈالر مارکیٹ میں آنا شروع ہوگئے.

مارکیٹ ذرائع کے مطابق جمعرات کو ایکسپورٹرز نے تقریباً 22 کروڑ ڈالر مارکیٹ میں فروخت کئے جس سے ڈالر کی قیمت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ،توقع ہے کہ آنے والے دنوں میں روپے پر دبائو میں مزید کمی آئے گی ،فاریکس ایسوسی ایشن کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت خرید 3 روپے کی کمی سے 210.50 روپے سے کم ہو کر 207.50 روپے اور قیمت فروخت 211.00 روپے سے کم ہو کر 208.00 روپے ہو گئی ہے.

 اوپن مارکیٹ میں بھی 4 روپے کی کمی سے ڈالر کی قیمت خرید 211.00 روپے سے کم ہو کر 207.00 روپے اور قیمت فروخت 212.00 روپے سے کم ہو کر 208.00 روپے ہو گئی ہے .

 فاریکس رپورٹ کے مطابق یورو کی قیمت خرید4 روپے کی کمی سے 219.00 روپے سے کم ہو کر 215.00 روپے اور قیمت فروخت 222.00 روپے سے کم ہو کر 218.00 روپے ہو گئی ہے۔

اہم خبریں سے مزید