انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر اعلامیے کے مطابق 15 مارچ کو سیکیورٹی فورسز نے لکی مروت میں بھارتی پراکسی کی موجودگی کی انٹیلی جنس بیسڈ اطلاع پر آپریشن کیا۔
اعلامیے کے مطابق آپریشن کے دوران خوارج کے ٹھکانوں کو موثر طریقے سے نشانہ بنایا گیا، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 5 خوارج کو ہلاک کردیا گیا۔
آئی ایس پی آر اعلامیے کے مطابق ہلاک دہشت گرد بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھتے تھے، جن سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق ہلاک خوارج علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے، مزید بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج کے خاتمے کےلیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر اعلامیے کے مطابق پاکستانی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے خاتمے کےلیے پُرعزم ہیں۔
اعلامیے کے مطابق نیشنل ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظوری سے عزم استحکام مہم جاری ہے۔ غیر ملکی سرپرستی یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک انسداد دہشت گردی مہم جاری رہے گی۔