• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چین امریکی پابندیوں کے باوجود 7 نینو میٹرز کی جدید چپ تیار کرنے میں کامیاب

کراچی (نیوز ڈیسک) چین میں مختلف برقی آلات کیلئے چپ بنانے والی سب سے بڑی کمپنی ’’سیمی کنڈکٹر مینوفیکچرنگ انٹرنیشنل کارپ‘‘ (ایس ایم آئی سی) نے امریکی پابندیوں کے باوجود خاموشی سے جدید ترین چپ تیار کر لی ہے جو مغربی ممالک کے خصوصی معیارات پر پورا اترنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ امریکا نے مخصوص نوعیت کی پابندیاں عائد کرکے چین کے ایسی جدید چپ بنانے کی صلاحیت کو روکنے کی کوشش کی لیکن تمام پابندیوں کے باوجود چین نے یہ چپ تیار کرلی ہے۔ امریکی اخبار بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق، شنگھائی میں قائم چائنیز کمپنی نے 7؍ نینو میٹر ٹیکنالوجی کی مدد سے گزشتہ سال جولائی سے بٹ کوائن مائن کرنے میں استعمال ہونے والی چپ بنانے کی کوششیں شروع کی تھیں۔ بلومبرگ نے مختلف ذرائع سے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ چین نے واقعی یہ چپ بنا لی ہے۔ کسی بھی چپ کی تیاری میں نینو میٹرز کے اعداد یہ بتاتے ہیں کہ اس چپ کی تیاری میں کتنے ٹرانززسٹرز استعمال ہوئے۔ ایک نینو میٹر ایک میٹر کا ایک اربواں حصہ ہے۔ جتنا یہ عدد کم ہوگا اتنے ہی ٹرانززسٹرز اس ایک چپ پر نصب کیے جا سکیں گے، اور یہ چپ نہ صرف تیز ترین ہوگی بلکہ زیادہ موثر بھی ہوگی۔ اس سے قبل چائنیز کمپنی صرف 14؍ نینو میٹرز تک کی چپ بنانے کے قابل تھی اور اب یہ کم عدد والی چپ بنا کر اس نے امریکی پابندیوں کو نہ صرف توڑ دیا ہے بلکہ معروف کورین کمپنی سام سنگ اور تائیوان کی ٹی ایس ایم سی کے معیار کی چپ بنانے کے قابل ہوگئی ہے۔
اہم خبریں سے مزید