بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان ایک بار امیتابھ بچن کا مشورہ سننے کے بعد خوفزدہ ہوگئے تھے۔
امیتابھ بچن اور شاہ رخ خان نے کئی فلمیں جیسے محبتیں، کبھی خوشی کبھی غم، ویر زارا، کبھی الوداع نہ کہنا، پہیلی میں ایک ساتھ کام کیا، اس جوڑی نے کئی شوز میں ساتھ پرفارم بھی کیا۔
شاہ رخ خان نے 2017ء میں دیے گئے ایک انٹرویو میں امیتابھ بچن سے ملے مشورے کا ذکر کیا اور بتایا کہ وہ اس کے بعد خوفزدہ ہوگئے تھے اور اسٹار نہیں بننا چاہتے تھے۔
فلم نگری کے بادشاہ نے بتایا کہ ایک بار امیت جی ایک شو سے پہلے بیک اسٹیج پر بیٹھے بات چیت کررہے تھے تو انہوں نے مجھے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ بڑے اسٹار ہیں، وہ کچھ بھی کریں گے، ہمیشہ ہی غلط ہوں گے۔
انہوں نے شاہ رخ کو مشورہ دیا کہ وہ ہمیشہ عاجزی کا مظاہرہ کریں، کوئی بھی ردعمل نہ دیں، چاہے کوئی آپ کو مکا ہی کیوں نہ مار دے۔
شاہ رخ نے امیتابھ بچن سے ہوئی بات چیت کو آگے بڑھاتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے کہا کہ اب جب آپ بڑے اسٹار بن گئے ہیں، پہلی چیز یہ ہے کہ جب کبھی غلطی ہوجائے تو ہاتھ جوڑ کر معافی مانگ لینا۔
کنگ خان نے کہا کہ اس وقت میں جوان تھا، میں نے امیت جی کو مخاطب کرکے استفسار کیا کہ اگر مجھ سے کوئی غلطی نہ ہو تو؟ اس پر لیجنڈ اداکار نے کہا کہ ’وہی تو کہہ رہا ہوں، معافی مانگ لینا، جہاں بھی جانا جھک کر بات کرنا‘۔
امیتابھ بچن نے مجھ سے سوال کیا کہ اگر کوئی تم سے بدتمیزی کرے، تمہیں مکا مارے، تم جواباً اُسے مکا مارو گے تو پتا ہے کیا ہوگا؟
میں نے کہا کیا ہوگا؟ اس پر انہوں نے کہا کہ ’کہا جائے گا کہ تم نشے میں تھے، پیسہ تمہارے سر چڑھ گیا ہے، تم کرپٹ اور غیر قانونی قسم کے آدمی ہو‘۔
شاہ رخ خان نے کہا کہ جب گفتگو کو سمجھا تو میں اسٹار بننے سے ڈر گیا، اگر واقعی یہ سب میرے ساتھ ہوجائے گا تو میں کیا کرسکوں گا؟ کچھ بھی نہیں کرسکوں گا؟ اور پھر میں خاموش ہوکر بیٹھ گیا۔
شاہ رخ خان آج کل یش راج فلمز کی پٹھان میں مرکزی کردار نبھارہے ہیں، ان کے ساتھ فلم میں دیپیکا پڈوکون اور جان ابراہم بھی پرفارم کررہے ہیں، جو 25 جنوری 2023ء کو ریلیز کی جائے گی۔
بالی ووڈ کے بادشاہ اس کے ساتھ راج کمار ہیرانی کی فلم ڈنکی کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، جس میں اُن کے ساتھ تاپسی پنو مرکزی کردار نبھارہی ہیں۔