بالی ووڈ کی باصلاحیت اداکارہ تاپسی پنو نے فلم نگری کے ’کنگ خان‘ شاہ رخ کو حقیقی سپر اسٹار قرار دیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق تاپسی پنو نے حالیہ انٹرویو میں شاہ رخ خان کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
بھارتی اداکارہ کی گزشتہ روز فلم ’شاباش متھو‘ ریلیز ہوئی ہے اور وہ اس کی پروموشن میں مصروف ہیں۔
اس دوران تاپسی پنو نے کامیابی، ناکامی، سپر اسٹار اور اسٹارڈم جیسی اصطلاحات پر بات کی اور شاہ رخ خان کو بطور مثال پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ شاہ رخ خان کی کسی فلم کو آئے ہوئے 5 سال ہوگئے ہیں، مجھے لگتا ہے یہ اُن کا ذاتی نوعیت کا نقصان ہے۔
اداکارہ نے کنگ خان کو فلم نگری کا سپر اسٹار قرار دیا اور اُن کی زندگی بتاتی ہے کہ اصل اسٹارڈم کیا ہوتا ہے، جیت ہو یا نقصان دونوں ہی ذاتی نوعیت کے ہیں۔
تاپسی پنو نے مزید کہا کہ شاہ رخ خان فلم نگری میں باہر سے آنے والوں کے لیے ایک بینچ مارک ہیں، میں نہیں وہ حقیقی سپر اسٹار ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ جب آپ شاہ رخ خان جیسے اسٹار یا سپر اسٹار کے ساتھ کام کرتے ہیں تو آپ کو لفظ اسٹارڈم کا اصل مطلب سمجھ آتا ہے، آپ کی 5 سال سے کوئی فلم ریلیز نہیں ہوئی، لیکن آپ کی ایک حرکت ہر طرف طوفان برپا کردیتی ہے، آپ کی جیت ہو یا نقصان ہو، وہ صرف آپ کی ذات تک محدود رہے، یہی تو اسٹارڈم ہے۔
انہوں نے اس حوالے سے مزید کہا کہ اس ملک میں کامیابی کے ساتھ بہت سی چیزیں آتی ہیں، وہ آپ کو سکھاتی ہیں کہ کامیابی یا ناکامی کو زیادہ سنجیدگی سے نہ لینا۔
تاپسی پنو نے بتایا کہ میں فیملی لائف میں بدترین فاتح ہوں، میں بہت ہارتی ہوں، یہ بات گھر والے بھی کہتے ہیں، لیکن کام پر میں کامیابی یا ناکامی کے بجائے خود کو مزید بہتر بنانے پر توجہ دیتی ہوں۔
تاپسی پنو اور شاہ رخ خان پہلی بار ایک ساتھ فلم ’ڈنکی‘ میں جلوہ گر ہو رہے ہیں، جسے فلم ساز راج کمار ہیرانی بنا رہے ہیں، جو 22 دسمبر 2023ء کو ریلیز ہوگی۔