کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان خواتین ٹیم کی مایوس کن پرفارمنس برقرار رہی، کرکٹ ایونٹ کے دوسرے میچ میں بھارتی ویمن ٹیم 8 وکٹوں سے کامیاب ہوگئی۔
اس میچ میں قومی ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
بارش کے باعث 18 اوورز تک محدود کیے جانے والے اس میچ میں قومی ٹیم کی آخری پانچ وکٹیں صرف 3 رنز کے اندر گر گئیں۔
اننگز کے آغاز میں صفر پر آؤٹ ہونے والی ارم جاوید کے بعد منیبہ علی اور بسمہ معروف نے 50 رنز کی اچھی شراکت بنا کر ٹیم کو بہتر پوزیشن میں لانے کی کوشش کی۔
تاہم 50 کے مجموعے پر 17 رنز بنانے والی بسمہ معروف اور 51 کے مجموعے پر 32 رنز بنانے والی منیبہ جب آؤٹ ہوئیں تو ان کے بعد آنے والی بیٹرز خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکیں۔
عمیمہ سہیل 10، عائشہ نسیم 10 اور عالیہ ریاض کے 18 رنز کے علاوہ کوئی کوئی بیٹر ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکیں۔
قومی ٹیم کی اختتامی 5 وکٹیں صرف 3 رنز کے اندر گریں اور ٹیم نے 18 اوورز میں تمام وکٹیں کھونے کے بعد صرف 99 رنز بنائے۔
ہدف کے تعاقب میں بھارتی ویمن ٹیم نے پاکستانی خواتین بولرز کی ایک نہ چلنے دی برق رفتاری کے ساتھ اننگز کو آگے بڑھاتے ہوئے 12ویں اوور میں ہی 2 وکٹوں کے نقصان پر کامیابی سمیٹ لی۔
بھارتی ویمن ٹیم کی جانب سے سمرتی منڈانا 63 رنز کی اننگز کھیل کر نمایا رہیں، جبکہ شفالی ورما نے 16 اور ایس مینگھانا نے 14 رنز بنائے۔
بھارتی ٹیم کی دو گرنے والی وکٹیں طوبیٰ حسن اور عمیمہ سہیل نے لی۔
واضح رہے کہ پاکستان ویمن ٹیم کو کامن ویلتھ گیمز کے اپنے ابتدائی دونوں میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے جبکہ اس کا آخری گروپ میچ آسٹریلیا سے ہوگا۔