انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے مستقبل پر غور کےلیے 29 نومبر کو بورڈ میٹنگ طلب کرلی۔ آئی سی سی کے ترجمان نے تصدیق کی کہ یہ میٹنگ آن لائن منعقد ہوگی اور تمام بورڈ ممبران کو ایجنڈا بھیج دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق میٹنگ کے دوران چیمپئنز ٹرافی کے شیڈولنگ اور مستقبل پر غور کیا جائے گا۔ اجلاس میں چیمپئنز ٹرافی پر مختلف آپشنز پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ان آپشنز میں چیمپئنز ٹرافی کا ہائبرڈ ماڈل، پاکستان سے مکمل منتقلی، یا ٹورنامنٹ کا التوا شامل ہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ بورڈ کی ترجیح چیمپئنز ٹرافی کےلیے ہائبرڈ ماڈل کو اپنانا ہے، تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ پہلے ہی اس ماڈل کی مخالفت کرچکا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بورڈ اراکین کی رائے اور تجاویز کو مدنظر رکھتے ہوئے چیمپئنز ٹرافی پر آئی سی سی کوئی حتمی فیصلہ کرے گا۔