• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افروز جہاں

حلیم صرف کھانے ہی میں لذیذ نہیں ہوتا، بلکہ غذائیت سے بھی بَھرپور ہے۔خصوصاً اسے ہلکی آنچ پر پکا کر تو اس کی لذّت و توانائی کشید کی جاسکتی ہے۔ آج ہم تین مختلف تراکیب کے ساتھ حاضر ہیں، جو بھی ٹرائی کریں گے، شان دار ذائقہ پائیں گے۔

لکھنوی حلیم

شوربا/گریوی بنانے کے اجزاء:بکرے کا گوشت ایک کلو، پیاز (باریک کاٹ لیں) دو سے تین عدد، ادرک، لہسن کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچ، ہلدی پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، لال مرچ پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، لونگ پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، دارچینی دو عدد، ثابت سیاہ مرچ ایک چائے کا چمچ، سفید زیرہ پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، تیز پات دو عدد، دھنیا پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، پانی آدھا لیٹر اور تیل ایک پیالی۔

حلیم کے اجزاء: ماش، مسور اور چنے کی دال ایک ایک کپ، جَو، گندم ایک ایک پاؤ( تمام اجزاء ایک گھنٹہ پہلے بھگو دیں)۔

سجاوٹ کے لیے: ہری مرچ(باریک کاٹ لیں)چار عدد، ادرک ایک ٹکڑا (لمبائی میں کاٹ لیں)، پیاز (بھُنی ہوئی) حسبِ منشاء، لیموں (چار ٹکڑوں میں کاٹ لیں) حسبِ ضرورت اور چاٹ مسالا حسبِ منشاء۔

ترکیب: ایک بڑی پتیلی میں تیل کڑ کڑا کر پیاز سُنہری کرلیں۔ اب اس میں گوشت ڈال کر اُس وقت تک پکائیں کہ سُرخی ختم ہوجائے۔پھر ادرک، لہسن کا پیسٹ، ہلدی، لال مرچ، نمک، لونگ، دھنیا، دار چینی، کالی مرچ، سفید زیرہ ، تیز پات اور حسبِ منشاءپانی ڈال کرکے ہلکی آنچ پر گوشت گلنے تک پکنے دیں۔ جب گوشت گل جائے تو ایک علیحٰدہ برتن میں نکال کے ہڈیاں اور گوشت الگ کرلیں۔ پھرگوشت کے باریک باریک ریشے کرکے ایک طرف رکھ لیں۔ 

اب ایک الگ پتیلے میں پانی لے کر تمام دالیں، جَو، گندم ڈال کر ہلکی آنچ پر اُبلنے کے لیے رکھ دیں۔ اس دوران برتن کے اوپر آنے والا جھاگ ہٹاتے رہیں۔ اگر مزید پانی کی ضرورت محسوس ہو تو ڈال لیں۔ جب دالیں اور گندم یک جان ہو جائیں تو شوربے والا پانی شامل کرکے مسلسل چمچ چلاتے رہیں اور اُس وقت تک پکائیں، جب تک کہ گاڑھا پَن نہ آجائے۔ آخر میں گوشت کے ریشے شامل کرکے لیس دار ہونے تک پکائیں۔ جب حلیم اچھی طرح پک کر تیار ہوجائے، تو فرائی پیاز، چاٹ مسالا،ہرا دھنیا اور لیموں چِھڑک دیں۔

سبزی حلیم

اجزاء: پالک(دھو کر باریک کاٹ لیں) دو کلو، سفید گول کدّو ایک عدد، آلو آدھا پاؤ، ٹماٹر آدھا پاؤ، بینگن آدھا پاؤ، مونگ کی دال، چنے کی دال(دونوں ایک گھنٹہ قبل بھگو دیں) ایک ایک چھٹانک، پیاز (باریک کاٹ لیں) ایک عدد، ادرک ایک انچ کا ٹکڑا، لال مرچ ثابت دس عدد، ہلدی پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، سفید زیرہ پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، مسٹرڈ پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، پانی اور تیل حسبِ منشاء۔

حلیم کے لیے دیگر اجزاء: لیموں، ہری مرچیں (بارک کاٹ لیں)، ادرک(لمبائی میں کاٹ لیں)، گرم مسالا اور فرائی پیاز حسبِ ضرورت۔ ایک ٹرے میں سجا دیں۔

ترکیب:گول کدّو، آلو، ٹماٹر اور بینگن کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کرلیں ۔پھرادرک اور لال مرچ اچھی طرح پیس لیں۔ ایک پتیلی میں تیل گرم کرکےپیاز فرائی کرلیں۔ پھر اس میں تمام اجزاء اور پانی ڈال کر ڈھک کے ہلکی آنچ پر پکنے دیں، جب تمام سبزیاں گل جائیں، تو اچھی طرح گھوٹ کر چولھا بند کردیں۔

مرغ حلیم

اجزاء: ثابت چکن(دس بڑے ٹکڑے کروالیں) ڈیڑھ کلو، پیاز (باریک کاٹ لیں) آدھا کلو، ٹماٹر چھے عدد، ادرک ،لہسن کا پیسٹ دو کھانے کے چمچ، ہری مرچ (پِسی ہوئی) ڈیڑھ چائے کا چمچ، سُرخ مرچ پاؤڈر دو کھانے کے چمچ، گرم مسالا پاؤڈر ڈیڑھ چائے کا چمچ، ہلدی پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، چاول ایک پاؤ، جوکا دلیا آدھا کلو، چنے ، مسور ،ماش اور مونگ کی دال ایک ایک پاؤ، گندم آدھا کلو (دالیں، چاول، دلیا اور گندم آدھا گھنٹہ پہلے بھگو دیں)، پانی حسبِ ضرورت اور تیل ایک کپ۔

ترکیب: پتیلی میں تیل گرم کرکے پیاز سُنہری کرلیں۔ پھر چکن اور تمام مسالا جات ( ماسوائےدال، چاول، دلیا اور گندم ) ڈال کر بھون لیں اور حسبِ ضرورت پانی شامل کرکے ہلکی آنچ پر پکنے دیں۔ ایک دوسری پتیلی میں حسبِ ضرورت پانی لے کر اس میں دالیں، چاول، جو کا دلیا اور گندم ڈال کر گلنے کے لیے رکھ دیں۔ 

دوسری طرف چکن گل جائے، تو چولھا بند کردیں اور ہڈیاں الگ کرکے چکن کے ریشے کرلیں۔ اسی طرح دالیں وغیرہ گل جانے کے بعد انہیں بھی باریک پیس لیں۔ اب چکن کے شوربے میں پِسی ہوئی دالیں ڈال کر ایک اُبال آنے کے بعد چکن کے ریشے بھی شامل کردیں اور حسبِ ضرورت پانی شامل کرکے ہلکی آنچ پر پکنے دیں۔ جب چکن اور دالیں یک جان ہوکر لیس پیدا ہوجائے، تو چولھا بند کردیں۔