• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیا اسرائیلی وزیراعظم نے ’ایٹمی صلاحیت‘ کا اعتراف کرلیا؟

اسرائیلی وزیر اعظم یائر لاپد نے غیر معمولی بیان دیتے ہوئے ملک کے جوہری ہتھیاروں کی طرف اشارہ کر دیا۔

ملک کے ایٹمی توانائی کمیشن کے سربراہ کی تبدیلی کے موقع پر وزیر اعظم یائر لاپد نے کہا کہ ہمارا آپریشنل طریقہ کار دفاعی اور جارحانہ صلاحیت کی بنیاد پر تیار کیا گیا ہے اور ہمارے پاس ’دیگر صلاحیتیں‘ بھی موجود ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ’’دیگر صلاحیتیں‘‘ ہمیں زندہ رکھے ہوئے ہیں اور مستقبل میں بھی ہماری زندگی کی ضمانت ہیں۔

امریکی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نے ’’دیگر صلاحیتوں‘‘ سے جوہری ہتھیاروں کی طرف اشارہ دیا تھا۔

واضح رہے کہ اسرائیل نے کبھی بھی باضابطہ طور پر اس بات کو تسلیم نہیں کیا ہے کہ اس کے پاس جوہری ہتھیار ہیں۔

1960 میں وزیر دفاع شمعون پیریز نے کہا تھا کہ اسرائیل اس خطے میں جوہری ہتھیار رکھنے والا پہلا ملک نہیں ہوگا۔

اس بیان کے بعد سے بین الاقوامی سطح پر یہی تصور کیا جاتا ہے کہ اسرائیل کے پاس جوہری ہتھیار موجود ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید