جب انسانی عمل خودغرضانہ، ذہنیت سرمایہ دارانہ،طرزِ حکم رانی جابرانہ ہو۔لُوٹ کھسوٹ میں مصروف سیاست دان اپنے لیے جائے پناہ پہلے ہی سے تلاش کرچُکے ہوں، تو ریاستیں دیوالیہ ہونے میں دیر لگتی ہے، نہ معاشروں کو تنزّلی کا شکار ہونے میں۔ اور، جب حکم ران بےحِس ہوجائیں، عوام کے مسائل سے صرفِ نظر کرنے لگیں، تو انارکی، بحران کی سی صورتِ حال پیدا ہونے کے سوااورکیا ہوگا۔ بلوچستان کی موجودہ صورتِ حال بھی کچھ ایسی ہی ہے۔ یہاں کے عوام سیلاب سے ہونے والی تباہ کاری، پیاروں کے بچھڑ جانے کے غم، انفرااسٹرکچر کی تباہی اور بے سروسامانی پر ماتم نہ کریں، تو کیا کریں۔
بلوچستان کے عوام کودرحقیقت اسی بات کا رنج ہے کہ آج جب وہ مصیبت میں گِھرے ہیں، اُنہیں سخت مصائب کا سامنا ہے، تو محض زبانی جمع خرچ سے کام لیا جا رہا ہے، وہ ڈرون کیمرے، جو سیاسی ریلیوں اور اجتماعات میں استعمال ہوتے ہیں، کیا وہ سیلاب متاثرین کی مانیٹرنگ کے لیے استعمال نہیں ہو سکتے تھے…؟ ہمیں وہ دن بھی یاد ہے، جب عراق،کویت وار کے متاثرین کے لیے کوئٹہ کے ایّوب اسٹیڈیم میں کیمپ لگائے گئے، جب وفاق کی ڈوبتی معاشی نائو بچانے کے لیے این ایف سی ایوارڈ کی بڑی رقم اس کے حوالے کی گئی۔افغان وار متاثرین کی بڑی تعداد کو انسانیت کے نام پر اہلِ بلوچستان نے پناہ دی، یہ سلسلہ نائن الیون کے بعد سے امریکی جنگ بندی تک جاری رہا۔
لیکن جب بلوچستان کے عوام پر مصیبت آن پڑی ہے، تو کوئی مدد کے لیے آگے نہیں آرہا۔ دردناک پہلو تو یہ ہے کہ صوبے کی لاتعداد آبادیاں تہس نہس ہو گئیں، دو سو سے زائد افراد پانی کے ریلوں میں بہہ گئے، لوگوں سے ان کی چھتیں چِھن گئیں، مال مویشی ہلاک ہوگئے، زراعت اور فصلیں تباہ ہوگئیں، غریبوں کی خون پسینے کی کمائی برباد ہوگئی، لیکن حکم رانوں، سیاست دانوں کی غیرت تاحال نہیں جاگی۔
ذرا سوچیں، کیا محض ہم دردی کے دو بول، طفل تسلّیوں، نام نہاد وعدوں سے اس قدر شدید جانی و مالی نقصان کا ازالہ ممکن ہے؟ ہر گز نہیں۔ یاد رہے، بلوچستان سے دیگر صوبوں کو جانے والی شاہ راہوں کی خستہ حالی،حادثات کے سبب ان شاہ راہوں کو دو رویہ کرنے کا مطالبہ برسوں سے جاری ہے، لیکن اب تو یک رویہ سڑکیں بھی قابلِ استعمال نہیں رہیں کہ سیکڑوں چھوٹے، بڑے پُل سیلابی ریلے کی نذر ہوگئے ہیں اور اس دوران پورے مُلک سے بھی رابطہ منقطع رہا۔
یہاں کے عوام تو پہلے ہی شدید منہگائی اور خوراک کی کمی کے ہاتھوں عاجز تھے کہ اُنہیں اتنی بڑی آفت نے آن گھیرا ۔ قومی شاہ راہوں پر ٹرانسپورٹرز اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے احتجاج شروع ہوگیا، تو سیلاب کے ستائے لوگ ان شاہ راہوں پر کئی کئی دن پھنسے رہے۔ وڈھ میں ایک ایف آئی آر نہ کٹنے پر خواتین، بزرگ اور بچّے 24 گھنٹوں تک رُلتے رہے، لیکن مجال ہے، جو انتظامیہ نے ابتدائی چند گھنٹوں میں مظاہرین سے بات چیت بھی کی ہو۔
لسبیلہ، حب، کوئٹہ، نوشکی، جھل مگسی، خاران، نصیر آباد، چمن، قلعہ سیف اللہ، مستونگ و دیگر بڑے شہروں میں، جہاں ڈویژنل اور ضلعی دفاتر قائم ہیں، انتظامی معاملات کے لیے سالانہ کروڑوں روپے مختص ہوتے ہیں، لیکن افسوس کہ وہاں بھی بہت نقصان ہوا، لوگ کئی دنوں تک پانی کے ریلوں میں پھنسے رہے، بھوک پیاس سے تڑپتے رہے، لیکن کسی نے ان کی جانب توجّہ نہیں کی۔ سیاسی سرگرمیاں اُسی طمطراق سے جاری رہیں، وہ تو بھلا ہو سوشل میڈیا کا کہ جس پر وائرل ہونے والی تصایور اور ویڈیوز نے دیگر پاکستانیوں کی توجّہ بلوچستان کے عوام کی جانب مبذول کروائی، ورنہ شایدکسی کا اُن کی طرف دھیان بھی نہ جاتا۔
افسوس کی بات تو یہ ہے کہ پورے مُلک کی نمایندگی کا دعویٰ کرنے والی، وفاق کی علامت سمجھی جانے والی سیاسی پارٹیوں کے لیڈرز نے دُکھ کی اس گھڑی میں بلوچستان کا دَورہ تک کرنا گوارہ نہیں کیا۔ وزیرِاعظم شہباز شریف نے دو، اضلاع کا سرکاری دَورہ کیا، مالی امداد کے اعلانات بھی کیے، لیکن تا حال عوام کے حالات میں بہتری کی کوئی اُمید نظر نہیں آتی۔جب کہ اس وقت عوام کو اعلانات، وعدوں، دلاسوں کی نہیں، فوری امداد کی ضرورت ہے۔ ویسے سننے میں تو یہ بھی میں آیا ہے کہ بیش ترسیاسی جماعتیں امدادی سرگرمیوں میں حصّہ لینے کے بجائے ووٹرز لسٹ بنانے میں مصروف ہیں۔
بہرکیف، یہ حکومتِ وقت کی ذمّے داری ہے کہ وہ فوری طور پرڈیمز، پُلوں، سڑکوں اور عمارتوں کی ناقص تعمیر کا نوٹس لیتے ہوئے ذمّے داران کے خلاف کارروائی کرے۔ اب تک ہونے والے نقصانات کاتخمینہ لگانے کے لیے کمیٹیاں تشکیل دے، محکمۂ موسمیات و ماحولیات کی پیش گوئیوں کو مدّ نظر رکھتے ہوئے آبادیوں کے لیے محفوظ منصوبہ بندی کرے۔ اگر پانی کی گزرگاہوں پر تجاوزات ہیں، تو انہیں فوراً ختم کیا جانا چاہیے، نکاسیِ آب کا نظام بہتر ہونا چاہیے۔ اور سب سے اہم بات یہ کہ حالیہ طوفانی بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں بلوچستان کے عوام مسلسل کرب و اذیّت سے گزررہے ہیں۔
وہ اپنے پیاروں کے بچھڑنے اور مال مویشیوں کی ہلاکت پر سخت غم گین ہیں۔ پھرآنے والے دنوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے، تواگر اب بھی حکم رانوں اور مقتدر حلقوں نے اپنی ذمّےداریاں احسن طریقے سے نہیں نبھائیں، خدانخواستہ یہاں پھر کوئی بڑی تباہی ہوئی، تو یہاں کے عوام اور ان کی آنے والی نسلیں اُنہیں کبھی معاف نہیں کریں گی۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ بلوچستان میں انسانی المیوں کی نشان دہی کی جائے، صوبے میں جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے موسم کی مانیٹرنگ ہو اورصوبے کو قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے تیار کیا جائے، تاکہ یہاں کے عوام کا مستقبل محفوظ ہو۔