• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی فوجی اتحاد، حوثی ملیشیا کی ایک دوسرے کی بندرگاہوں پر حملے کی دھمکیاں

فوٹو: اے ایف پی
فوٹو: اے ایف پی

سعودی فوجی اتحاد اور حوثی ملیشیا نے ایک دوسرے کی بندرگاہوں پر حملے کی دھمکیاں دے دیں۔

سعودی قیادت میں قائم فوجی اتحاد نے یمنی شہریوں کو حدیدہ سے نکل جانے کی ہدایت کردی جبکہ جواب میں حوثی ملیشیا نے کہا کہ حدیدہ پر حملہ ہوا تو وہ جدہ کی بندرگاہ اور بحر احمر کے ساتھ تمام سعودی بندرگاہوں کو نشانہ بنائیں گے۔

سعودی قیادت میں قائم فوجی اتحاد نے حملے کا ذکر کیے بغیر یمنی شہریوں سے کہا تھا کہ وہ اپنی حفاظت یقینی بنانے کے لیے حدیدہ سے نکل جائیں۔

حدیدہ حوثی ملیشیا کے قبضے میں ہے، یہی بندرگاہ حوثی ملیشیا کے علاقوں میں خوراک اور ایندھن کی فراہمی کا بڑا ذریعہ ہے۔

حوثی ملیشیا نے بندرگاہ پر حملوں کی دھمکی کے ساتھ سعودی فضائی حدود استعمال کرنے والی انٹرنیشنل ایئر لائنز کو بھی وارننگ دی اور کہا کہ اگلے چند گھنٹوں میں سعودی فضائی حدود ان کے آپریشنز کا میدان ہوں گی۔

اس لیے ایئر لائنز سعودی فضائی حدود استعمال نہ کریں، حوثی ملیشیا نے شپنگ کمپنیز سے بھی اپنے بحری جہاز سعودی بندرگاہوں سے پیچھے ہٹانے کا کہا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید