• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: غیر قانونی کثیر منزلہ عمارت 9 سیکنڈ میں زمین بوس

اسکرین گریب
اسکرین گریب

بھارت کے شہر نوائیڈا میں غیر قانونی کثیر المنزلہ 2 عمارتیں گرا دی گئیں، 2 رہائشی عمارتوں کو 9 سال کی قانونی جنگ کے بعد گرایا گیا ہے۔

مذکورہ 40 منزلہ عمارتوں کو دھماکا خیز مواد سے 9 سیکنڈ میں گرایا گیا، جبکہ قریبی عمارتوں کو محفوظ رکھنے کے لیے مکمل اقدامات کیے گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دارالحکومت نئی دہلی کے نزدیک نوائیڈا کے علاقے میں واقع 40 منزلہ ٹوئن ٹاورز کو دھماکا خیز مواد سے گرایا گیا۔

103 میٹر بلند جڑواں عمارتیں گرانے کے لیے 3700 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا۔

مذکورہ عمارتوں کے قریبی رہائشیوں سے علاقہ آج صبح 5 گھنٹوں کے لیے خالی کرا لیا گیا تھا۔

عمارتیں گرانے کے وقت اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک کی آمد و رفت بند کر دی گئی تھی، نوائیڈا ایکسپریس وے آدھے گھنٹے کے لیے بند کی گئی۔

دونوں عمارتوں کا 80 ہزار ٹن کا ملبہ اگلے 3 ماہ میں ٹھکانے لگایا جائے گا، بھارت میں غیر قانونی تعمیرات گرانے کی یہ اب تک کی سب سے بڑی کارروائی ہے۔

تعمیراتی قوانین کی خلاف ورزی پر بھارتی سپریم کورٹ نے پچھلے سال دونوں عمارتیں گرانے کا حکم دیا تھا۔

یہ بھارت میں گرائی جانے والی سب سے بلند عمارتیں ہیں، جن میں فلیٹ خریدنے والوں کو 12 فیصد سُود سمیت مکمل رقم واپس کی جا چکی ہے۔

واضح رہے کہ کراچی میں بنے نسلہ ٹاور کو عدالتی حکم پر 70 دن میں گرایا گیا تھا۔

عدالتی حکم کے باوجود پاکستان میں دھماکے سے عمارت گرانے کا انتظام نہیں تھا، عمارت میں فلیٹ خریدنے والے ابھی تک معاوضے کے منتظر ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید