سیلاب سے فصلوں کی تباہ کاریوں اور نقل و حمل کا نظام درہم برہم ہونے کے سبب لاہور میں سبزیوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے، سبزی فروشوں نے سرکاری نرخ نامہ ماننے سے انکار کر دیا کہتے ہیں کہ سرکاری نرخ زمینی حقائق کے مطابق نہیں ہیں.
سیلاب نے ملک کے70 سے 80 فیصد حصے پر فصلیں تباہ کر دیں، نقل و حمل کا تمام نظام بھی درہم برہم کر دیا، جس سےلاہور میں سبزیوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں.
سرکاری نرخوں اور اوپن مارکیٹ کی قیمتوں میں واضح فرق سے شہری پریشان ہو کر رہ گئے ہیں۔
سرکاری نرخ نامے میں ٹماٹر کی قیمت 330 ، پیاز کی 190 ، آلو کی 95 ، لہسن کی 285 ، ادرک کی 345، میتھی کی 260، شملہ مرچ کی 350 ، گوبھی کی 158، مٹر کی260 اور ٹینڈوں کی147 فی کلو مقرر کی گئی ہے، تاہم اوپن مارکیٹ میں ٹماٹر 360 ، پیاز 280 روپے،آلو 100 ، لہسن 354 ، ادرک 400 ، میتھی 600 ، شملہ مرچ 600 ،گوبھی 240 ، مٹر 500 اور ٹینڈے 420 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہے ہیں۔
سبزی فروش کہتے ہیں کہ انتظامیہ نے آنکھیں بند کرکے ریٹ لسٹ بنا دی، منڈی سے پیاز 270 روپے کلو لے کر 190 روپےمیں کیسے بیچیں۔
دوسری جانب شہری کہتے ہیں کہ ہر دکاندار کی قیمتیں مختلف ہیں، سبزی کھانا بھی مشکل ہوگیا ہے۔
سبزی فروشوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ آنے والے دنوں میں سبزیوں کی قلت مزید بڑھ سکتی ہے۔