لاہور(سپیشل رپورٹر) پیپلزپارٹی لاہور کے صدر اسلم گل کی صدارت میں ماڈل ٹائون آفس میں ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لاہور میں آج سے سیلاب زدگان کی امداد کے لئے ریلیف کیمپ لگائے جائیں گے، یہ کیمپ ٹھوکر، چوبرجی، چونگی امرسدھو، والٹن سمیت دیگر جگہوں پر لگائے جائیں گے، بعد ازاں ہر زون میں کیمپ لگیں گے، اسلم گل نے اپیل کی ہے تمام پارٹی کارکنان چیئرمین بلاول بھٹو کی ہدایت پر امدادی کاموں میں حصہ لیں، اس وقت لاکھوں افراد کھلے آسمان تلے سڑکوں ، ریلوے لائنوں پر بیٹھے ہوئے ہیں، اس کار خیر میں ہر کوئی بڑھ چڑھ کر حصہ لے۔ اس سلسلہ میں فنڈ قائم کردیا گیا ہے اور آج بنک اکائونٹ کا اعلان بھی کردیا جائے گا۔ لاہور کے عوام ادویات، آٹا، کپڑے جو بھی سامان دیں اس کی رسید دی جائے گی، ہر کیمپ رجسٹرڈ ہوگا۔ اجلاس میں خواتین، منیارٹی، یوتھ تنظیموں کے رہنما منور انجم، عزیز الرحمان چن، رانا جمیل منج، حافظ غلام محی الدین، نوید چودھری، عاطف رفیق، امجد جٹ، رانا جواد احمد، ڈاکٹر ضیا بنگش سمیت دیگر شریک ہوئے۔