پاکستانی فاسٹ بولر حارث رؤف نے ایشیا کپ سپر 4 مرحلے میں بھارت سے اگلے میچ کا گیم پلان بتادیا۔
متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں میڈیا سے گفتگو میں حارث رؤف نے کہا کہ سپر 4 میچ میں کوشش ہوگی کہ سوریا کمار یادیو اور ہاردیک پانڈیا کو جلد آؤٹ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ کے سپر 4 مرحلے میں اچھا کھیل پیش کریں گے، بھارت کے خلاف فائٹ کی اور اب بھی کوشش ہوگی کہ اچھا کھیلیں اور جیتیں۔
پاکستانی فاسٹ بولر نے مزید کہا کہ گیم کو گیم کی طرح لیتے ہیں، ہانگ کانگ کے خلاف میچ میں اچھی کامیابی ملی، اس مومنٹم کو برقرار رکھیں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف پہلے میچ میں صورتحال ایسی تھی کہ رنز پڑ گئے، اب کوشش ہو گی کہ جو خامیاں تھیں ان کو نہ دہراؤں۔
حارث رؤف نے یہ بھی کہا کہ فٹنس پر کام ہو رہا ہے، اسی میں کوئی کمی نہیں ہے، میڈیکل اسٹاف بھی محنت کر رہا ہے، یہاں کنڈیشنز ایسی ہیں کہ کریمپس آ جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ویرات کوہلی لیجنڈ ہیں، اُن سے سیکھنے کو ملتا ہے، سابق بھارتی کپتان نے شرٹ دی، میں نے بہت پہلے اُنہیں شرٹ کا کہا تھا، اُن سے شرٹ لینا اچھا لگا۔
پاکستانی فاسٹ بولر نے کہا کہ سوریا کمار یادیو کی اچھی فارم ہے، اس کے ساتھ دیگر بھارتی بیٹرز کی بھی کمزوریوں سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پاک بھارت میچ میں دونوں ٹیموں پر دباؤ ہوتا ہے، مینجمنٹ ہمیں بیک کرتی ہے، جس سے اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے، میں اپنی اسٹرینتھ کے مطابق بولنگ کروں گا اور ڈاٹ بال کراؤں گا۔
حارث رؤف نے کہا کہ شاہین آفریدی کے ساتھ ہونے کی وجہ سے میں بہت ریلیکس ہوتا تھا، اب نسیم شاہ اچھی بولنگ کر رہے ہیں تو خود کو ریلیکس محسوس کر رہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے پاس رویندرا جڈیجا نہیں ہے اس سے فرق نہیں پڑے گا ہم نے میدان میں 100 فیصد پرفارم کرنا ہے۔
پاکستانی فاسٹ بولر نے کہا کہ کرکٹ ٹیم گیم ہے، صرف ایک بیٹر کی گیم نہیں بابر اعظم ورلڈ کلاس پلیئر ہیں، انہیں علم ہے کہ کیسے رنز کرنا ہیں، ان پچز پر ٹاپ 3 بیٹرز میں سے1 بیٹر کو لمبی اننگز کھیلنے کی ضرورت رہتی ہے۔