بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ نے پاکستان کو ایک چیلنجنگ ٹیم قرار دیا اور کہا کہ سپر 4 کے میچ میں بہترین ٹیم گراؤنڈ میں اتاریں گے۔
دبئی میں پریس کانفرنس کے دوران بھارتی ٹیم کے ہیڈ کوچ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے میچز ہائی پریشر ہوتے ہیں، جس کا کھلاڑیوں کو فائدہ ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ کے پہلے میچ میں پاکستانی بولرز نے اچھی بولنگ کی تو ہمارے بیٹرز نے بھی اچھی بیٹنگ کی۔
راہول ڈریوڈ نے مزید کہا کہ پاکستان کے نسیم شاہ نے پہلے میچ میں اچھی بولنگ کی، گرین شرٹس ایک چیلنجنگ ٹیم ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ رویندرا جڈیجا گھٹنے کی تکلیف کی وجہ سے ایشیا کپ سے باہر ہوئے ہیں، وہ میڈیکل ٹیم کی نگرانی میں ہیں، اُن کا ری ہیب جاری ہے۔
بھارتی ہیڈ کوچ نے یہ بھی کہا کہ اویش خان کو بخار ہے اس کا خیال رکھا جا رہا ہے، پاکستان کے خلاف سپر 4 کے میچ میں بہترین ٹیم کے ساتھ گراؤنڈ میں اتریں گے۔