• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو 120 رنز سے ہرادیا

کولاج فوٹو بشکریہ پی سی بی/ایکس
کولاج فوٹو بشکریہ پی سی بی/ایکس

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 9ویں میچ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو 120 رنز سے شکست دے دی۔  

پشاور زلمی کے 228 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی ٹیم 16ویں اوور میں 107 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ 

راولپنڈی کے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ 

تاہم ملتان سلطانز کی زبردست حکمت عملی اور اس کے مطابق گیند بازی سے پشاور زلمی 5 رنز پر ہی کپتان بابر اعظم اور جاح مزاج بلے باز صائم ایوب سے محروم ہوگئی۔

ایسے میں محمد حارث اور ٹام کوہلر کیڈمور کے درمیان 73 رنز کی برق رفتار پارٹنرشپ نے ملتان سلطانز دو وکٹیں لینے کا مزہ پھیکا کردیا۔ 


محمد حارث نے 21 گیندوں پر 45 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ ٹام کوہلر کیڈمور 30 گیندوں پر 52 رنز بنائے۔ 

بائیں ہاتھ کے بلے باز حسین طلعت نے محتاط بیٹنگ کرتے ہوئے 37 رنز سے اپنا حصہ ڈالا تاہم اختتامی لمحات میں عبدالصمد کے 14 گیندوں پر 40 اور مچل اوین کے 15 گیندوں پر 34 رنز نے پشاور زلمی کو 227 کے مجموعے تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ 

پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 227 رنز بنائے۔ زلمی کے کھلاڑیوں نے مجموعی طور پر 16 چھکے لگائے۔ 

ملتان سلطانز کی جانب سے ڈیوڈ ویلی، مائیکل بریسویل اور عبید شاہ نے دو دو جبکہ افتخار احمد نے ایک وکٹ لی۔

ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کے بیٹرز کی ایک نہ چل سکی۔ عثمان خان 40 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ شے ہوپ نے 20، محمد رضوان نے 15 اور ڈیوڈ ویلی نے 13 رنز بنائے جبکہ انکے علاوہ کوئی کھلاڑی دہرے ہندسے میں داخل نہ ہوسکا۔ 



پشاور زلمی کے بولرز نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کیا۔ نوجوان علی رضا نے 4، عارف یعقوب نے 3، مچل اوین نے 2 جبکہ صائم ایوب نے ایک وکٹ لی۔  

پشاور زلمی کے نوجوان بیٹر عبدالصمد کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔


ٹاس

ٹاس کے موقع پر پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا ہمارا ہدف 200 سے زائد اسکور کرنا ہے، آج کچھ مختلف پرفارمنس کی امید ہے۔ 

ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ ہم بھی پہلے بیٹنگ کرنا چاہتے تھے۔ ہم اس میچ سے اپنا توازن بناتے ہوئے آگے اچھا کرنا چاہتے ہیں۔ 

پشاور زلمی کی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں، بابر اعظم کی کپتانی میں اترنے والی اس ٹیم میں صائم ایوب، محمد حارث، ٹام کوہلر کیڈمور، حسین طلعت، مچل اوین، عبدالصمد، لوک ووڈ، الزاری جوزف، عارف یعقوب اور علی رضا شامل تھے۔ 

محمد رضوان نے بھی اپنی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں، ملتان سلطانز کے دیگر کھلاڑیوں میں شے ہوپ، عثمان خان، کامران غلام، ایشٹن ٹرنر، مائیکل بریسویل، افتخار احمد، ڈیوڈ ویلی، اسامہ میر، عاکف جاوید اور عبید شاہ شامل تھے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید