بات چیت :وحید زہیر، کوئٹہ
(عکّاسی: رابرٹ جیمس)
عبدالقادر رند کی نادر و نایاب کتب اور تاریخی نوادرات پر مبنی لائبریری اور میوزیم اُن کے شوق، جنون اور اَن تھک محنت کی ایک اعلیٰ مثال ہے کہ جو کام بڑے بڑے سرمایہ دار نہ کر سکے، وہ اُنہوں نے کسی بڑے سہارے کے بغیر کر دِکھایا۔ اُن کے مکان کی بالائی منزل کے دو کمروں پر مشتمل یہ کتب خانہ اور میوزیم جہاں مُلکی و غیر مُلکی سیّاحوں کے لیے دل چسپی کا باعث ہے، وہیں اِس سے ایم فِل اور پی ایچ ڈی اسکالرز بھی تحقیق کے لیے رجوع کرتے ہیں۔اِس ضمن میں گزشتہ دنوں عبدالقادر رند سے خصوصی بات چیت ہوئی، جو’’ سنڈے میگزین‘‘ کے قارئین کے لیے پیش ہے۔
س: سب سے پہلے تو اپنے خاندان، تعلیم وغیرہ سے متعلق کچھ بتائیے؟
ج: مَیں نے ابتدائی تعلیم ڈیرہ بگٹی سے حاصل کی، جہاں میرے والد، عطا محمّد پولیٹیکل ایجنٹ کے آفس میں ریڈر تھے۔ بعدازاں، میٹرک اور کالج کی تعلیم سبّی سے( جسے سیوی بھی کہا جاتا ہے) حاصل کی۔ گورنمنٹ ماڈل اسکول، سبّی 1898ء میں بارنس اسکول کے نام سے قائم ہوا تھا اور 1975ء تک یہ اپنے پرانے نام ہی سے معروف تھا۔ 1992ء میں زرعی یونی ورسٹی،ٹنڈو جام سے ایم ایس سی کیا۔ میرے والد نے 1937ء میں میٹرک کیا تھا، اُن کا اپنے ساتھی طلبہ اور اساتذہ کے ساتھ گروپ فوٹو میری لائبریری میں موجود ہے۔
س: کتابیں پڑھنے، جمع کرنے کا شوق کیسے پیدا ہوا؟
ج: کتابوں سے محبّت مجھے وَرثے میں ملی۔ میرے پَردادا، مُلا گل محمّد کے زمانے کی ایک عربی کتاب’’ کنز الدقائق‘‘ میرے پاس ہے،جو امام عبداللہ بن احمد المعروف حافظ الدّین،( متوفی 710ہجری) کی تصنیف ہے۔ یہ نسخہ 1300ہجری یعنی 1888ء میں چَھپا تھا اور اُس پر دادا کے دست خط بھی موجود ہیں۔ اس کے علاوہ بھی اُس زمانے کی کئی نایاب کتب اور قلمی نسخے میری لائبریری میں موجود ہیں۔ میرے پَردادا نے پیدل حج کیا تھا اور حج کے دَوران ہی اُن کا انتقال ہوا۔میرے دادا، عبدالقادر لیویز میں محرّر تھے۔ اُس زمانے میں بابو کی بجائے لفظ منشی مروّج تھا۔
وہ بھی کتابوں کے دِل دادہ تھے۔1884ء میں ہندوستان سے چَھپنے والا’’ دیوانِ حافظ‘‘ کا وہ نسخہ میرے پاس محفوظ ہے، جس پر دادا کے دست خط موجود ہیں۔ والد بتاتے ہیں کہ وہ اکثر اپنے والد سے حافظ کے اشعار سُنا کرتے تھے۔ یوں سمجھ لیں، پَرداد اور دادا کی نادر و نایاب کتب، قلمی نسخے اور بعض دیگر اشیاء مجھے وَرثے میں ملیں۔ چوں کہ ہمارا گھرانہ تعلیم یافتہ تھا، اہلِ خاندان کو اِن اشیاء کی قدر و قیمت معلوم تھی۔ سو، وہ ہر حال میں اِنہیں محفوظ رکھنے کی تگ و دَو کرتے رہے۔
آپ جانتے ہیں کہ سبّی کا شمار ایشیا کے گرم ترین علاقوں میں ہوتا ہے اور یہاں درجۂ حرارت50 ڈگری سے بھی اوپر چلا جاتا ہے۔ ایک زمانے میں بجلی کی سہولت بھی نہیں تھی۔ لوگ گرمیوں میں سرد علاقوں، جیسے زیارت وغیرہ منتقل ہو جاتے تھے۔ جب ہم موسمی شدّت سے بچنے کے لیے ایک مرتبہ ڈھاڈر میں رہائش پذیر تھے، تو تیز ہوا سے گھر میں آگ بھڑک اٹھی، جس سے بعض نایاب اشیاء جل کر خاکستر ہوگئیں۔
اس آگ سے محفوظ رہ جانے والی بعض کتابوں پر دھویں اور جلنے کے نشانات اب بھی موجود ہیں۔ ایک تلوار کا میان آگ سے جُھلسا ہوا ہے۔ اِسی طرح کچّے مکانات کی وجہ سے بارش کا پانی ٹپکنے سے بھی ہمیں نقصانات کا سامنا رہا۔ تاہم، اس کے باوجود والدین بے شمار نایاب کتب اور اشیاء بچانے میں کام یاب رہے۔سبّی کی گرمی کے حوالے سے ایک شاعر نے کہا ہے کہ’’ سبّی و ڈھاڈر ساختی…دوزخ چرہ پر داختی۔‘‘
س: عوام میں بھی تو قدیم نوادرات سے متعلق شعور کی خاصی کمی ہے؟
ج: جی ہاں، ایسا ہی ہے۔ مہر گڑھ اور دیگر تاریخی و قدیم علاقوں کے نوادرات عوام کی لاعلمی اور عدم دل چسپی کی وجہ سے ضائع ہوچُکے ہیں۔ میرے والد بتاتے تھے کہ کئی مؤرخین اُن سے کتابیں لے جاکر واپس نہیں کرتے تھے۔ وہ واپسی کا مطالبہ کرتے کرتے تھک ہار کر آخر بھول ہی جاتے۔البتہ، مَیں ایسے لوگوں سے محتاط رہنے کی کوشش کرتا ہوں۔ ہماری خوش قسمتی ہے کہ اب اسکیننگ اور فوٹو اسٹیٹ کی سہولت حاصل ہوگئی ہے۔
س: آپ کو جام دُرک میوزیم، لائبریری کے قیام کا خیال کب آیا؟
ج: 1984ء میں بلوچی شاعر، جام دُرک کی دو سو سالہ برسی کی مناسبت سے’’ جام دُرک لائبریری، میوزیم‘‘ کے آئیڈیے پر کام کا آغاز کیا۔بہت سی نادر و نایاب کتب اور اشیاء پہلے ہی سے موجود تھیں، نیز، مَیں نے لاہور، کراچی، کوئٹہ اور دیگر شہروں کا بھی اِس مقصد کے لیے دَورہ کیا۔
جہاں جہاں کباڑ خانوں، اتوار یا جمعہ بازاروں کا پتا چلا، وہاں کا چکر لگاتا اور اپنی تن خواہ سے بچائے ہوئے پیسوں سے نادر کتب اور اشیاء خریدتا۔اب تو دوست بھی مدد کر رہے ہیں۔ اُنھیں کوئی نایاب کتاب یا کوئی تاریخی چیز ملتی ہے، تو مجھے لاکر دے دیتے ہیں۔
س: آپ کے پاس کون کون سی نایاب اشیاء ہیں؟
ج: زمانۂ قدیم کے ہنر مندوں کی تیار کردہ اشیاء،جیسے دیسی بندوقیں، تلواریں، تراشیدہ پتھر، خنجر، زیورات، ظروف وغیرہ میرے پاس ہیں۔علاوہ ازیں، تاریخی ڈاک ٹکٹس، ریڈیو، گراموفون ریکارڈ، ٹیلی فون، مشہور و معروف ڈائجسٹوں اور کئی اخبارات و رسائل کا ریکارڈ بھی موجود ہے۔ کتب کے قدیم نسخوں میں 1761ء میں چھپنے والی’’ پوئم بائے جان ڈائر‘‘ ہے۔ 1339ہجری کے براہوی اور بلوچی زبان کے کلامِ پاک کے نسخے، منظوم سیف الملوک سرائیکی اور دیوانِ حافظ کے قلمی نسخے، بعض نایاب خطوط، 1930ء میں لندن میں چَھپنے والی باتصویر رباعیاتِ خیام، 1905ء میں چَھپنے والی کتاب،‘‘ بیوٹی فل وومین ان آرٹ اینڈ ہسٹری‘‘، ریاستِ قلّات سمیت بعض ممالک کے یاد گاری سکّے، بلوچی قوم کے شعوری سیاست کے امام، نواب زادہ یوسف عزیز مگسی کے خطوط و دستاویز، خوانینِ قلّات کی دستاویز، ریاستِ قلّات اور ایسٹ انڈیا کمپنی کے سکّے خاص طور پر قابلِ ذکر ہیں۔نیز، مصوّری کے نایاب شاہ کار، گراموفون ریکارڈ اور گولڈن موسیقی کے علاوہ جمع شدہ کتب کی تعداد بھی پندرہ ہزار ہوچُکی ہے۔ اکثر دوست احباب لائبریری کے لیے کتابیں دینا چاہتے ہیں، مگر جگہ نہ ہونے کی وجہ سے اُن کی پیش کش قبول کرنے سے قاصر ہوں۔ ایک دوست کے پاس گراموفون ریکارڈ اور کیسٹس کی صُورت ہزاروں گیتوں کا نایاب ذخیرہ موجود ہے، مگر نہ جانے کب اُسے لائبریری کا باقاعدہ حصّہ بنا سکوں گا۔
س: سُنا ہے، آپ قومی سطح کی نمائشوں میں نایاب اشیاء کا اسٹال بھی لگاتے ہیں؟
ج: جی ہاں آپ نے درست سُنا ہے۔ سبّی میلے میں جام دُرک لائبریری اور میوزیم کو پہلی پوزیشن پانے پر شیلڈ، سرٹیفکیٹ اور نقد انعام سے نوازا گیا۔ پریس کلب کوئٹہ، لاء کالج اور بعض دیگر اداروں کے میلوں میں بھی شریک ہوتا رہا ہوں۔البتہ، مالی مشکلات کی وجہ سے دیگر صوبوں اور شہروں میں خواہش کے باوجود نمائشی اسٹال نہیں لگا پاتا۔
اس میوزیم اور لائبریری کے انتظامات اور ترقّی کے لیے کہیں سے کسی قسم کی امداد میّسر نہیں۔ سب کچھ ذاتی حیثیت ہی میں کر رہا ہوں۔مَیں نے اپنی رہائش گاہ کی چھت پر دو کمرے لائبریری اور میوزیم کے لیے مختص کر رکھے ہیں مگر ہنوز جگہ کی تنگی کا مسئلہ درپیش ہے۔ جب کہ ادارے کی سرپرستی کے لیے وزیرِ اعظم، وزرائے اعلیٰ، وزراء، مخیّر افراد سے خط و کتابت بھی اب تک بے سود ہی رہی ہے۔
س: آپ سے متعلق پتا چلا کہ کئی زبانوں پر دسترس رکھتے ہیں؟
ج: جی ہاں، مَیں نصف درجن سے زاید زبانیں بول اور سمجھ سکتا ہوں۔ زرعی یونی ورسٹی ٹنڈو جام میں تعلیم کے دَوران سندھی ادب و تاریخ پر بے شمار کتابیں پڑھنے کے علاوہ مَیں نے ایک سندھی کتاب کا اردو میں ترجمہ بھی کیا ہے۔ بلوچی اور براہوی میری مادری زبانیں ہیں، جب کہ اردو، انگریزی اور سرائیکی پر بھی مجھے عبور حاصل ہے۔
س: بلوچستان میں سرکاری سطح پر میوزیم بنانے میں تاخیر کیوں ہو رہی ہے؟
ج: مہر گڑھ اور دیگر آثارِ قدیمہ سے دریافت ہونے والی تقریباً40 ہزار اشیاء ایک عرصے تک کراچی میں امانتاً پڑی رہیں، جنھیں چند برس قبل منگوا کر بلوچستان یونی ورسٹی میں ایک میوزیم بنانے کا اعلان کیا گیا۔ یہ ہل چل بھی اہلِ علم و دانش کے بار بار کے مطالبے کے بعد ہوئی ہے۔ دیکھتے ہیں کب اِس میوزیم کا افتتاح ہوتا ہے۔
بلوچستان کے کئی اضلاع میں آثارِقدیمہ موجود ہیں، جنہیں میوزیم سائٹ قرار دینے اور یونیسکو کے معیار کے مطابق بنانے کے لیے سرکاری سرپرستی کی ضرورت ہے۔کس قدر افسوس کی بات ہے کہ مہر گڑھ جیسی سائٹ بھی ابھی تک بین الاقوامی سطح پر پہچان نہیں بنا سکی۔ ہم سایہ ممالک، ایران اور بھارت میں سیّاحت کے شعبے میں بہت کام ہوا ہے۔سیّاح اُنہی ممالک کا رُخ کرتے ہیں، جہاں اُن کی دِل چسپی کے مقامات موجود ہوں اور اُنھیں ضروری سہولتیں بھی میّسر ہوں۔ ہم بھی لوک وَرثے کے ذریعے سیّاحوں کی توجّہ اپنی جانب مبذول کروا سکتے ہیں۔
س: ایسی اطلاعات بھی ہیں کہ لوگ قدیم مقامات سے مختلف اشیاء نکال کر اونے پونے بیچ رہے ہیں؟
ج: بدقسمتی سے یہ بہت عام بات ہوگئی ہے۔ عام افراد ان اشیاء کی قدر و قیمت سے واقف نہیں ہوتے، اِس لیے وہ انھیں اسمگلرز یا گھروں میں قدیم اشیاء بطورڈیکوریشن پیسز رکھنے والوں کو معمولی رقم کے عوض فروخت کردیتے ہیں۔ علاوہ ازیں، مدفون خزانہ تلاش کرنے والے بھی ان تاریخی مقامات پر بے دردی سے کُھدائی کرکے آثار مِٹا رہے ہیں۔ چاکر کا قلعہ اور صحبت سرائے سبّی وغیرہ مٹّی کے ڈھیر میں تبدیل ہورہے ہیں۔
اِس کی بڑی وجہ متعلقہ محکموں کی عدم دل چسپی اور اُن سے وابستہ افراد کی اِس شعبے میں مہارت نہ ہونا ہے۔میرے خیال میں تو محکمہ آرکائیوز، آرکیالوجی، ٹورازم اور شعبۂ ثقافت میں تاریخ و تہذیب پر مہارت اور دل چسپی رکھنے والوں کی تعیّناتی ہی سے یہ مسئلہ حل ہوسکتا ہے۔ مَیں سمجھتا ہوں کہ لسبیلہ میں صوبہ سندھ کے مکلی جیسے قبرستان کو آثارِقدیمہ میں شامل کیا جانا چاہیے۔نیز، مہر گڑھ اور خاران کے قلعے سمیت صوبے کے سیکڑوں تاریخی مقامات توجّہ کے منتظر ہیں۔
س: کیا اپنے شوق کی تکمیل میں کسی قسم کی کوئی رکاوٹ محسوس کرتے ہیں؟
ج: دیکھیں جی، کسی سرپرستی کے بغیر اِس قسم کے کاموں میں مشکلات تو ہوتی ہیں، لیکن اہلِ علم و ادب اور اپنی ثقافت سے دل چسپی رکھنے والوں کی حوصلہ افزائی سے روحانی سکون ملتا ہے۔ البتہ اُس موقعے پر شدید تکلیف ہوتی ہے، جب کوئی اِن اشیاء کو اپنے مہمان خانوں کے لیے قیمتاً دینے کا مطالبہ کرتا ہے۔ اس کے علاوہ، میرے کام میں اِس وقت سب سے بڑی رکاوٹ جگہ کی تنگی ہے۔