• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی رکن اسمبلی سلطان محمد خان اے این پی میں شامل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے تعلق رکھنے والے رکن خیبر پختونخوا اسمبلی (ایم پی اے) سلطان محمد خان عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) میں شامل ہوگئے۔

چارسدہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سلطان محمد خان  نے کہا کہ میرے ساتھ ہزاروں افراد اے این پی میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں، میں  ساتھ چلنے والے تمام ورکرز کا شکر گزار ہوں۔

سلطان محمد خان نے کہا کہ خاندان کے بزرگوں کی خواہش تھی کہ ہم ایک پلیٹ فارم پر ہوں، باچا خان بابا کی تحریک معاشرے کو ٹھیک کرنے اور قوم کو بیدار کرنے کی تھی، ایمل ولی خان میں ان کے بزرگوں کی تمام خوبیاں نظر آتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کا لیڈر ایمل ولی خان ہے وہ بزرگ نہیں جو کہتا ہے کہ میں نوجوانوں کا لیڈر ہوں، چارسدہ کے لوگ اپنے گھرانے کو ووٹ دیں گے باہر سے آئے کسی اور امیدوار کو نہیں دیں گے۔

 سلطان محمد خان نے کہا کہ عمران خان اب بھی ایک سیٹ پر ایم این اے ہیں مگر وہ پارلیمنٹ نہیں جا رہے، 9 سیٹوں پر الیکشن لڑنا ایک شخص کی ذاتی انا ہے ان انتخابات پر کروڑوں روپے خرچ ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میرے پورے خاندان نے اے این پی میں شمولیت کا اعلان کیا ہے، این اے 24 پر ایمل ولی خان کو مکمل سپورٹ کریں گے، اے این پی میں شمولیت خاندان کا متفقہ فیصلہ تھا۔

سلطان محمد خان نے کہا کہ ایمل ولی خان سے ہمارے خاندانی تعلقات ہیں، میرے والد ہر الیکشن میں اے این پی کے لیے بہت متحرک تھے، میرے نانا بھی اے این پی کے صوبائی صدر اور جنرل سیکریٹری رہ چکے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید