• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیپلز پارٹی کا کل یوم تشکر منانے کا اعلان

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ بھارت کہہ رہا ہے کہ پہلگام واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، اس کے نتائج آنے سے پہلے ہی بھارت نے پاکستان پر حملہ کیسے کر دیا؟

شرجیل انعام میمن نے کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران کل پیپلز پارٹی کی جانب سے یومِ  تشکر منانے کا اعلان کیا ہے۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستان نے پہلگام واقعے پرافسوس کا اظہار کیا اور تحقیقات کا بھی کہا، نریندر مودی نے ڈیڑھ ارب سے زائد لوگوں کی جان کو خطرے میں ڈالا۔

سینئر وزیر سندھ شرجیل میمن نے کہا کہ بلاول بھٹو نے مودی کو گجرات اور کشمیر کا قصائی قرار دیا تھا، اب تو کہا جائے گا کہ مودی جنوبی ایشیا کا قصائی ہے۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ بھارت نے پاکستان پر جنگ مسلط کی جس کا منہ توڑ جواب دیا گیا، دنیا بھر نے رپورٹ کیا کہ بھارت نے جنگ بندی میں پہل کی، دنیا بھر نے لکھا کہ اس کا فائدہ پاکستان کو ہوا ہے۔

شرجیل انعام میمن نے یہ بھی کہا کہ پاکستان نے بھارت کے رافیل جیسے طیاروں کا گھمنڈ توڑ دیا، پاکستان کے شاہینوں نے تاریخی کامیابی حاصل کی، بھارت کے جدید جہازوں کا جو حشر کیا اس پر پوری دنیا میں بات ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے 74 اسرائیلی ساختہ ڈرون مار گرائے، اس پوری صورتحال میں پاکستان نے سفارتی برتری بھی حاصل کی، پاکستان کو دوست ممالک کی حمایت حاصل ہوئی ہے۔

شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ ہمارا سفارتی بیانیہ ساری دنیا میں مانا جا رہا ہے، پاکستان 20 سال سے دہشتگردی کا مقابلہ کر رہا ہے، دہشتگرد بھارت نے ایک حملے کو بہانہ بنا کر پاکستان پر حملہ کیا جس میں شکست ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت اور دہشت گرد تنظیمیں مشترکہ مفادات رکھتی ہیں، پاکستان کی دہشتگردی کے خلاف جنگ سے بھارت مستفید ہو رہا تھا، اس وقت بھارت دنیا میں تنہائی میں جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری افواج نے تاریخی کامیابی حاصل کی ہے، دنیا نے دیکھا کہ پاکستان ایک مضبوط ملک اور محفوظ ہاتھوں میں ہے۔

قومی خبریں سے مزید