پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل ذاکر خان کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کے دورے اور انگلینڈ کی آمد سے 2 میگا ایونٹ کی میزبانی کی راہ ہموار ہو گی۔
جیونیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ذاکر خان نے کہا کہ 2023 میں ایشیا کپ اور 2025 میں چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرنے میں مشکل نہیں ہوگی، امید ہے آئندہ سال نیوزی لینڈ کی ٹیم بھی پاکستان کا دورہ کرے گی۔
انہوں نے کہاکہ پی سی بی کے مضبوط مؤقف کے بعد بڑی ٹیمیں پاکستان کا رخ کرنے لگی ہیں، غیر ملکی ٹیموں کو بلا کر سیریز کرانے کا مقصد ایک ہی ہوتا ہے، ہمارا ملک بڑے ایونٹ کی میزبانی کرے۔
ذاکر خان کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال جب نیوزی لینڈ ٹیم بغیر کھیلے واپس گئی اور انگلینڈ نے انکار کیا تو وہ وقت بہت مشکل تھا، پی سی بی نے اس مشکل وقت کو چیلنج سمجھ کر قبول کیا، دو ٹیموں کے انکار کے بعد آسٹریلیا کو پاکستان بلانا سب سے بڑا مرحلہ تھا، پی سی بی نے آسٹریلیا کے سیکیورٹی وفد کو مدعو کیا، جس کا اثر آسٹریلوی حکومت پر اچھا پڑا اور 24 سال بعد آسٹریلیا کی ٹیم پاکستان آئی۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ بھارت کے ساتھ دو طرفہ سیریز پر کوئی پیش رفت نہیں ہے، اس کا فیصلہ بھارتی حکومت نے کرنا ہے، پی سی بی نے بھارت کے ساتھ کبھی کھیلنے سے منع نہیں کیا، ذاتی حیثیت سے بھارتی بورڈ کے حکام سے بات چیت ہوتی رہتی ہے۔
پی سی بی کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل ذاکر خان کا یہ بھی کہنا ہے کہ چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ گراؤنڈ کی اپ گریڈیشن پر خاص توجہ دے رہے ہیں، لیکن اس کے لیے فنڈز اور وقت دونوں درکار ہیں۔