اسلام آباد (مہتاب حیدر) سیلاب نقصانات کا درست اندازہ لگانے کیلئے تصدیقی عمل شروع کرنیکا فیصلہ، پاکستان کے اہم کردار کے تحت مشترکہ اسٹیئرنگ کمیٹی میں دس بنیادی بین الاقوامی ڈونرز شامل۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے اہم کردار کے تحت دس بنیادی بین الاقوامی ڈونرز پر مشتمل ایک مشترکہ اسٹیئرنگ کمیٹی نے حالیہ شدید سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا درست اندازہ لگانے کے لیے اگلے ہفتے ملک بھر میں تصدیق شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ معاشی نقصانات اور تعمیر نو کے اخراجات کا ابتدائی تخمینہ ظاہر کرتا ہے کہ پاکستان کو ملک کی تاریخ میں اس طرح کی بڑی قومی سطح کی تباہی سے نمٹنے کے لیے درمیانی سے طویل مدتی منصوبے پر 30 ارب ڈالرز سے زیادہ کی ضرورت ہے۔ ریکنسائلڈ لاگت کو پورا کرنے کے لیے بین الاقوامی عطیہ دہندگان نے پوری دنیا سے 100 ماہرین کی خدمات حاصل کی ہیں خاص طور پر ترکی، ایکواڈور، اور دیگر سے جو کہ تباہی سے متاثرہ علاقوں میں نقصان اور تشخیص کی ضرورت کی مہارت رکھتے ہیں اور پوسٹ ڈیزاسٹر نیڈ اسیسمنٹ (پی ڈی این اے) مشق میں صحیح نقصانات کا پتہ لگانے کے لیے 12 سے 17 شعبوں کی نشاندہی کی ہے۔