• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کھیرے میں کیلشیم، فولاد، زنک، میگنیشیم، پوٹا شیم ،مختلف وٹامنز اور فولک ایسڈ جیسے کئی مفید اجزاء پائے جاتے ہیں،جو جسمانی اور ذہنی صحت کے لیے فائدہ مند ہیں۔ نیز، اس کا استعمال جِلد اور آنکھوں کے لیے بھی اکسیر ہے۔

٭آنکھوں کی سُوجن کم کرنے کے لیے: ٹھنڈے کھیرے کے قدرے موٹے دو ٹکڑے کاٹ کر دس سے پندرہ منٹ کے لیے آنکھوں پر رکھنے سے اُن کی سُوجن ختم ہوجاتی ہے۔ کیوں کہ کھیرے میں موجود Ascorbic Acid سُوجن ختم کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔

٭کیل مہاسوں سے نجات کے لیے: آدھا کھیرا چھیل کر باریک کاٹ لیں اور دو چائے کے چمچ صاف پانی اور تین چائے کے چمچ ہیزل (ایک پھل دار جھاڑی) کے ساتھ مِکس کرکے سِل بٹّے پر باریک پیس لیں، پھر باریک کپڑے سے چھان کر محلول کو فریج میں رکھ دیں اور بوقتِ ضرورت کیل، مہاسوں یا دانوں پر دِن میں دوبار دس منٹ کے لیے آہستہ آہستہ مساج کریں ۔ اس سے کیل، مہاسے، دانے ختم ہوجائیں گے۔مزید برآں اس محلول کو اچھی طرح چہرے پر رگڑنے سے رنگت بھی صاف ہوجاتی ہے۔

٭داغ دار جِلد کی صفائی کے لیے: کھیرے کا رَس، لیموں کا رَس اور ناریل کا پانی برابر مقدار میں لے کر اچھی طرح مِکس کرلیں اور روزانہ جِلد کے داغ دھبّوں پر نرم و ملائم کپڑے سے ملیں، تو نشانات رفتہ رفتہ کم ہوکر ختم ہو جائیں گے۔

٭چہرے کی صاف و شفّاف جِلد کے لیے: چہرے کی صاف و شفّاف جِلدکے لیے بلینڈر میں ایک انڈے کی سفیدی، دوقطرے عرقِ گلاب اور ایک انچ کھیرے کا ٹکرا ڈال کر اچھی طرح بلینڈ کرکے پیالی میں نکال لیں۔ پھر اس گاڑھے محلول کو برش کی مدد سے آنکھوں اور منہ سے بچاتے ہوئے چہرے پر لگالیں۔ پندرہ منٹ بعد نرم گیلے کپڑے سے صاف کرکے چہرہ دھولیں۔

٭ملی جُلی جِلد کے لیے: ملی جُلی جِلد سے مُراد کسی جگہ سے خشک اور کسی جگہ سے چکنی ہے۔ اس کے لیے آدھے کھیرے کو بلینڈ کرلیں۔ پھر باؤل میں نکال کر اس میں ایک چائے کا چمچ دہی مِکس کرکے پھینٹ لیں۔ اب اس آمیزے کو چہرے اور گردن پر لگاکر 20 منٹ بعد پہلے اچھی طرح نیم گرم پانی کے چھینٹے ماریں، پھر ٹھنڈے پانی کے چھینٹے مارتے ہوئے چہرہ اور گردن دھو لیں۔

٭دھوپ سے جُھلسی ہوئی جِلد کے لیے: دھوپ سے جُھلسی ہوئی جلد پرکھیرے کے ٹکڑے کاٹ کر یا چوپ کرکے لگائیں۔ 20 منٹ بعددھو لیں۔ چند ہی روز میں جِلد ٹھیک ہوجائے گی۔

آنکھوں کے سیاہ حلقوں کے لیے: روزانہ باقاعدگی سے دس منٹ تک کھیرے کا رَس سیاہ حلقوں پر لگائیں، پھر نرم کپڑے سے صاف کر لیں۔ رفتہ رفتہ سیاہ حلقے بالکل غائب ہو جائیں گے۔

پالک اور مختلف پھلوں کے ساتھ کھیرے کا سلاد صحت کے لیے بہت ہی مفید ثابت ہوتا ہے۔ یاد رہے، سبزیوں کی کاشت کے دوران کیڑے مار ادویہ کا اسپرے بھی کیا جاتا ہے، تو استعمال سے قبل کھیرا ہی نہیں، ہر سبزی خُوب اچھی طرح دھولیں اور کھیرے کے چھلکے کو تو استعمال میں نہ ہی لائیں، تو بہتر ہے۔

سنڈے میگزین سے مزید