• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی سی سی نے ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی پر سلمان علی آغا کو تنبیہ کردی

تصویر، آئی سی سی
تصویر، آئی سی سی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستانی بیٹر سلمان علی آغا کے خلاف ضابطہ اخلاق کے لیول 1 کی خلاف ورزی پر تنبیہ کی اور 1 ڈی میرٹ پوائنٹ دیا ہے۔

آئی سی سی نے 39ویں اوور میں رن آؤٹ ہونے کے بعد سلمان علی آغا کے غصے میں اپنائے گئے رویے کو نامناسب قرار دیا اور آرٹیکل 2.2 کے تحت ضابطہ اخلاق کی کارروائی کی ہے۔

یہ آرٹیکل میچ کے دوران کرکٹ سامان یا گراؤنڈ کے آلات کے ساتھ نامناسب رویے سے متعلق ہے، سلمان علی آغا نے غصے میں گلوز اور ہیلمٹ زمین پر پھینکا تھا۔

آن فیلڈ امپائرز، تھرڈ امپائر اور فورتھ امپائر نے پاکستانی بیٹر پر الزام عائد کیا، سلمان علی آغا نے اپنی غلطی تسلیم کی اور سزا قبول کرلی ہے، جس کے بعد آئی سی سی کو معاملے میں سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔

سلمان علی آغا کے ڈسپلنری ریکارڈ میں 1 ڈی میرٹ پوائنٹ شامل کیا گیا ہے، یہ گزشتہ 24 ماہ میں اُن کی پہلی خلاف ورزی تھی۔

لیول 1 کی خلاف ورزی پر کم از کم سزا باضابطہ تنبیہ ہوتی ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ سزا میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ اور ایک یا دو ڈی میرٹ پوائنٹ ہوسکتے ہیں۔

دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو128 رنز سے شکست دی اور 3 میچز کی سیریز 1-1 سے برابر کردی، اب فیصلہ کن میچ اتوار کو کھیلا جائے گا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید