• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسحاق ڈار کی IMF حکام، صدر عالمی بینک سے ملاقاتیں، اعلامیہ جاری

وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار—فائل فوٹو
وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار—فائل فوٹو

وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے امریکا کے دورے کے دوران آئی ایم ایف کے حکام اور عالمی بینک کے صدر ڈیوڈ مالپاس سے ملاقاتیں بھی کی ہیں۔

وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کے دورۂ امریکا کے حوالے سے وزارتِ خزانہ نے اعلامیہ جاری کر دیا جس میں بتایا گیا ہے کہ آئی ایم ایف کے مڈل ایسٹ و سینٹر ایشیاء ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جہاد آزور نے پاکستان میں سیلاب کی صورتِ حال پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ توسیعی پروگرام سے پاکستان کو کووڈ 19 کے بعد سے پیدا ہونے والی صورتِ حال سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔

اعلامیے کے مطابق وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے آئی ایم ایف کی ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر سے ملاقات میں سیلاب سے غیر معمولی نقصانات کے حوالے سے آگاہ کیا، معیشت کی استحکام، پائیداری اور بحالی کے لیے حکومتی اقدامات سے متعلق بریفنگ دی۔

وزارتِ خزانہ کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ڈپٹی مینیجنگ ڈائریکٹر آئی ایم ایف نے معیشت کی بحالی کے لیے پاکستان کی حکومت کے اقدامات کی تعریف کی اور مستقبل میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ آئی ایم ایف حکام کو بتایا گیا کہ پاکستان آئی ایم ایف کے پروگرام کو مکمل کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

عالمی بینک کے صدر سے ملاقات

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے عالمی بینک کے صدر ڈیوڈ مالپاس سے بھی ملاقات کی اور سماجی اقتصادی ترقی میں مسلسل تعاون، تباہ کن سیلاب کے بعد بچاؤ اور امدادی کارروائیوں میں مدد پر عالمی بینک کا شکریہ ادا کیا۔

وزارتِ خزانہ کے اعلامیے کے مطابق عالمی بینک کے صدر ڈیوڈ مالپاس نے کہا کہ سیلاب سے سماجی و اقتصادی چیلنجوں پر قابو پانے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔

اعلامیے کے مطابق وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے عالمی بینک کے نائب صدر برائے جنوبی ایشیاء رائسر سے بھی ملاقات کی اور ان کا پاکستان کا دورہ کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

وزارتِ خزانہ کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ عالمی بینک کے نائب صدر نے اس موقع پر کہا کہ بینک معاشی مشکلات پر قابو پانے میں پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔

صدر اسلامی ترقیاتی بینک سے ملاقات

اعلامیے کے مطابق وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر ڈاکٹر محمد سلیمان الجاسر سے ملاقات بھی کی اور بینک کے پاکستان کے ساتھ مسلسل روابط پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

وزارتِ خزانہ کے اعلامیے کے مطابق وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان اور اسلامی ترقیاتی بینک کئی دہائیوں سے قابلِ اعتماد شراکت دار رہے ہیں۔

ڈوئچے بینک، جے پی مورگن کی قیادت سے ملاقات

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے ڈوئچے بینک اور جے پی مورگن کی قیادت کے ساتھ بھی ملاقاتیں کیں اور انہیں معیشت کے استحکام اور متاثرینِ سیلاب کے ریلیف میں حکومتی وژن سے آگاہ کیا۔

وزارتِ خزانہ کے اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کی قیادت میں وفد نے ریٹنگ ایجنسیوں سے بھی ملاقاتیں کیں، وفد نے سالانہ اجلاسوں میں منعقدہ کئی تقریبات میں شرکت بھی کی۔

تجارتی خبریں سے مزید