اسلام آباد،واشنگٹن (اے پی پی)مالیاتی اداروں کا اجلاس، اسحاق ڈار واشنگٹن پہنچ گئے.
وزیرخزانہ کی بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ، امریکی سیکرٹری خزانہ کے قونصلر برائے بین الاقوامی امور سے ملاقاتیں ہوئیں جس میں معاشی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ وزیر خزانہ نے حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے بارے میں آگاہ کیا.
ایئرپورٹ پر نامعلوم شخص کی جانب سے اسحاق ڈار کیساتھ بدتمیزی کی وڈیو بھی وائرل ہوئی۔تفصیلات کےمطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈارآئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی سالانہ میٹنگ میں شرکت کیلئے واشنگٹن پہنچ گئے.
واشنگٹن ایئر پورٹ پر ایک نامعلوم شخص نے اسحاق ڈار سے بدتمیزی کی تاہم وزیر خزانہ کے ساتھ موجود شخص نے سخت رد عمل دیتے ہوئے اسی کی زبان میں جواب دیا۔
بعد ازاں وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات اسحاق ڈار نے واشنگٹن میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر انتھونیٹ سائیح سے ملاقات کی،ملاقات میں پاکستان اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے درمیان امورکاجائزہ لیا گیا.
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے آئی ایم ایف کی ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر کوپاکستان کی معیشت کےکلیدی اعشاریوں،پائیدار اقتصادی نمواور معیشت کومضبوط بنانے کیلئے اٹھائے جانیوالے اقدامات سے آگاہ کیا۔انہوں نے آئی ایم ایف کی ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر کو پاکستان میں حالیہ سیلاب اور اس سے معیشت کو ہونے والے نقصانات کے بارے میں بھی بتایا۔
وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے امریکی سیکریٹری خزانہ کے قونصلر برائے بین الاقوامی امور ڈیوڈ لپٹن سے بھی ملاقات کی
اس موقع پر امریکا میں پاکستان کے سفیر مسعود خان بھی موجود تھے، ملاقات میں پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارت، مالیات، سرمایہ کاری اور معاشی شعبہ میں تعلقات سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔