بات چیت :وحید زہیر، کوئٹہ
محمّد اسحاق لہڑی کا شمار مُلک کے نام وَر مصوّروں میں ہوتا ہے۔ اُن کا تعلق ضلع مستونگ سے ہے۔ بلوچستان کا یہ علاقہ نام وَر اولیائے کرامؒ، سیاسی اکابرین، ترقّی پسند علماء، مؤرخین، ادباء، صحافیوں اور ثقافتی تنوّع کے حوالے سے بے حد مشہور ہے۔ گزشتہ دنوں اسحاق لہڑی کے ساتھ ایک خصوصی نشست ہوئی،جس میں اُن کی زندگی اور فن کے کئی گوشے سامنے آئے۔
س: اپنی ابتدائی زندگی، تعلیم اور خاندان سے متعلق کچھ بتائیں؟
ج: مَیں ضلع مستونگ کے علاقے، بہرام شہی میں جنوری 1971ء میں پیدا ہوا۔ آبائی علاقہ بھاگ شہر مٹھ شربت خان ہے، جو میرے دادا کے نام پر ہے۔ دادا شربت خان علاقے کی ایک نام وَر شخصیت تھے۔ میرے والد محبوب خان کو، جو سبّی میں اسٹیج اداکاری کے دوران ’’ماما محبوب خان ‘‘کے نام سے مشہور تھے،تعلیم حاصل کرنے کا بے حد شوق تھا اور اسی شوق کی تکمیل کے لیے بھاگ تحصیل سے سبّی منتقل ہوگئے تھے۔
وہ میٹرک کے بعد انتظامی کیمپ کلرک کے طور پر تعیّنات ہوئے۔اُن کا ملازمت کے سلسلے میں زیارت، مستونگ اور کوئٹہ میں تقرّر و تبادلہ ہوتا رہا۔تاہم، زیادہ پڑائو مستونگ میں رہا۔ مَیں نے ابتدائی تعلیم مستونگ میں حاصل کی۔ میرے بڑے بھائی ابراہیم لہڑی سپریم کورٹ کے وکیل اور سیاسی طور پر کافی سرگرم ہیں۔
س: مصوّری کی جانب کب اور کیسے مائل ہوئے؟
ج: مجھے بچپن ہی سے عناصرِ قدرت اور رنگوں سے انسیت پیدا ہوگئی تھی۔ بابا میرا یہ شوق دیکھ کر مجھے کلر پینسلز اور کاغذ مہیا کرتے۔ جب موقع ملتا، مٹّی کے کھلونے بھی بنایا کرتا۔ بلوچستان میں مکران ساحل کے نوجوان سینڈ آرٹ میں مہارت رکھتے ہیں، جب کہ پہاڑی علاقوں میں سنگ تراشی کا ہنر عام ہے۔
س: اِس سلسلے میں کسی نے رہنمائی کی؟
ج: کوئٹہ میں اسکولز کے درمیان مصوّری کا ایک مقابلہ منعقد ہوا، جس میں مجھے پہلا انعام ملا۔ ججز میں نام وَر آرٹسٹ، ڈائریکٹر فائن آرٹس بیوٹمز، کلیم خان شامل تھے۔ وہ میرے کام سے بے حد متاثر ہوئے اور اُنہوں نے مجھے آرٹس کاؤنسل میں شام کے وقت ہونے والی مصوّری کی کلاسز لینے کا مشورہ دیا۔اِس طرح مَیں نے وہاں جانا شروع کیا اور اُن کی نگرانی میں بہت کچھ سیکھا۔
س: والد اسٹیج اداکار تھے، دیکھا جائے تو آپ کو بھی اداکاری کا شوق ہونا چاہیے تھا؟
ج: مَیں اُس وقت چھوٹا تھا، جب میرے والد، اداکار ماما محبوب خان کے نام سے مشہور تھے۔1978 ء میں ہیلپر اسپتال کے لیے فنڈ ریزنگ کے لیے والد نے جو اسٹیج ڈراما پیش کیا، اُسے مَیں بھی دیکھنے گیا۔ والد اداکار ہونے کے ساتھ رائٹر اور ڈراما ڈائریکٹر بھی تھے۔ اُن کے مشہور ڈرامے’’ استاد جی ‘‘ کا تذکرہ ’’بلوچستان میں اسٹیج ڈراموں کی تاریخ ‘‘میں ملتا ہے۔ یہ سبّی میں رہائش کے آخری دنوں کی بات ہے، جس کے بعد ہم مستونگ اور پھر کوئٹہ آگئے۔غالباً گھر کے اخراجات بڑھنے پر والد کو اپنے وہ مشاغل ترک کرنے پڑے، جو ہماری کفالت میں آڑے آرہے تھے۔
میٹرک کے بعد کچھ عرصے تک مجھے بھی تعلیم کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا اور گھریلو اخراجات میں ہاتھ بٹانے کے لیے مَیں رکشا بھی چلاتا رہا۔تاہم، کچھ دنوں بعد مجھے بطور ٹیچر ملازمت مل گئی۔ اِس دوران مختلف کلاسز کے پرائیویٹ امیدوار کے طور پر امتحان دیتا رہا۔ بلوچستان یونی ورسٹی میں اداکار جمال شاہ کی نگرانی میں فائن آرٹس کا شعبہ قائم ہوا، تو وہاں داخلہ لے لیا، جس کے لیے ملازمت چھوڑنی پڑی،البتہ بچّوں کو ٹیوشن پڑھاتا رہا۔
س: پی ٹی وی سے کیسے منسلک ہوئے ؟
ج: مجھے فائن آرٹس کی ڈگری پر ملازمت کا حصول بہت مشکل لگ رہا تھا کہ اس کا اسکوپ انتہائی محدود ہے۔ فارغ اوقات میں ڈائجسٹ، ناولز اور شاعری پڑھتا رہا۔ ساتھ ہی کسی چھوٹی موٹی نوکری کی تلاش میں بھی رہا۔ اس دوران پی ٹی وی میں ڈیزائنر کی پوسٹ آئی اور خوش قسمتی سے مجھے یہ ملازمت مل گئی۔ 2017ء میں، مَیں نے اپنی دیگر ذمّے داریوں کے ساتھ اپنے ہنر اور وقت کو استعمال کرنے کا فیصلہ کیا۔
مختلف فیسٹیولز میں سیٹ لگائے، نمائشوں کے اہتمام کا موقع ملا۔ مستونگ میں تعلیمی فیسٹول کروایا۔ ساتھ ہی شارٹ فلم فیسٹول میں بحیثیت پروڈیوسر حصّہ لیا۔ اونٹ، گھوڑوں کے قافلے، بھیڑ، بکریوں کے مجسمے بناتا رہا۔ سبّی میں تاریخی شخصیت، صحبت خان گولہ کا گھوڑا دوڑاتے ہوئے مجسمہ بنایا، جسے بہت پسندکیا گیا۔
س: ممتاز سماجی شخصیت، عبدالسّتار ایدھی کا مجسمہ بنانے کا خیال کب اور کیسے آیا؟
ج: مجھے شروع ہی سے انسانیت کی خدمت کرنے والی شخصیات سے محبّت ہے۔ عبدالستار ایدھی میری آئیڈیل شخصیات میں سرِ فہرست ہیں۔ مَیں اُن کا طویل القامت مجسمہ بنانا چاہتا تھا، لیکن وسائل محدود تھے۔ جب مَیں نے یہ مجسمہ بنانے کا اعلان کیا اور ساتھ ہی تعاون کی اپیل کی، تو ایک ادب دوست، تاریخ شناس شخص، عزیز جمالی نے اخراجات میں ساتھ دینے کا اعلان کیا۔ آخر طے ہوا کہ موجودہ بجٹ کے اندر اِس مجسمے کی قامت رکھی جائے۔ اِس طرح 17فٹ کا مجسمہ بنانے اور اُسے اُن کی برسی کے موقعے پر نصب کرنے کا فیصلہ ہوا۔
چوں کہ اِس طرح کے کاموں میں دل چسپی لینے والوں کی تعداد کافی کم ہے، جس کی وجہ سے ہمیں اپنا کام شروع کرنے کے لیے مناسب جگہ کی تلاش میں بہت سے مسائل کا سامنا رہا اور اس بھاگ دوڑ میں کافی وقت نکل گیا۔کوئٹہ میں سردیاں شروع ہوچُکی تھیں۔وہاں سے سبّی جانے کا فیصلہ ہوا، جہاں علم دوست شخصیت، میر چاکر رند یونی ورسٹی کے وائس چانسلر، نواز مینگل نے ہمیں یونی ورسٹی میں کام کرنے کی اجازت دے دی۔
اس پراجیکٹ میں تین ماہ لگے۔ اب مجسمے کی محفوظ مقام پر تنصیب کے لیے صلاح مشورے ہوئے۔ آخر اسے عبدالسّتار ایدھی چوک، کوئٹہ،نزد وزیرِ اعلیٰ ہائوس مین شاہ راہ پر نصب کرنے کا فیصلہ ہوا،جس کا افتتاح فیصل ستّار ایدھی نے کیا۔ مجسمے کی تیاری کے دوران مجھے نمونیا ہوگیاتھا۔ مشورہ دیا گیا کہ کام روک دوں، لیکن میرا دل نہیں مانا۔ مجھے یقین تھا کہ اگر یہ کام اب نہ ہوا، تو پھر شاید ہی مکمل ہو پائے۔ اِس لیے بیماری کی پروا کیے بغیر رات دن کام کرتا رہا اور پھر جیسے ہی کام مکمل ہوا، مجھے کورونا ہوگیا، جس کی وجہ سے دو ماہ تک بستر پر رہا۔
س: اِن دنوں کن منصوبوں پر کام کر رہے ہیں؟
ج: مَیں ڈاکٹر رُتھ فائو، عطاء اللہ مینگل، حاصل بزنجو اور ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ کے مجسمے بنا چُکا ہوں۔چوں کہ سیلاب کی وجہ سے بستیاں اُجڑ گئیں اور لوگ بے سرو سامانی میں اِدھر اُدھر پڑے ہیں، تو مَیں نے سوچا ہے کہ مجسمے نیلام کرکے اُن سے حاصل ہونے والی آمدنی سیلاب متاثرین پر خرچ کروں۔اِس مقصد کے ایک سو نام وَر اور ممتاز شخصیات کے مجسمے بنائوں گا۔اب تک ایک درجن سے زائد مجسمے بنا چُکا ہوں۔
گزشتہ دنوں کراچی کے ایک گروپ نے رابطہ کرکے کہا کہ وہ سیلاب متاثرین کے لیے فنڈ ریزنگ کے سلسلے میں کراچی میں میرے فن پاروں کی نمائش کرنا چاہتے ہیں، مَیں نے بخوشی ہامی بھرلی۔مجھے امید ہے کہ فن شناس اور مخیّر افراد اس میں بڑھ چڑھ کر حصّہ لیں گے۔ اس کے علاوہ، امریکا میں مقیم ایک دوست بھی ایسی ہی ایک نمائش کے لیے انتظامات کر رہے ہیں۔نیز، لاہور کے دوست بھی رابطے میں ہیں۔
س: بلوچستان میں فن شناسی کے حوالے سے کیا کہیں گے؟
ج: بلوچستان میں فن شناسی مثالی ہے،یہاں تک کہ عام لوگ بھی اس میں دل چسپی رکھتے ہیں۔البتہ منہگائی فائن آرٹس کے فروغ میں بہت بڑی رکاوٹ ہے۔ اس کے باوجود نام وَر مصوّر اکرم دوست، جمیل بلوچ، مبارک شاہ، حمید بلوچ، قندیل بدر، عبدالوہاب، محمّد عادل، عثمان یونس اور دیگر نے بہت کام کیا ہے اور کر رہے ہیں۔ ان میں کئی ایک نے مُلکی اور بین الاقوامی سطح پر شہرت بھی حاصل کی ہے۔
س: آپ اسے ایک منہگا شوق کس حوالے سے کہتے ہیں؟
ج: وہ اِس طرح کہ بیش تر مجسمہ ساز میٹریل خریدنے کی سکت نہیں رکھتے۔ مثلاً فائبر گلاس، ووڈ کرونگ کے لیے دیار کی لکڑی، ماربل کی خریداری اور پھر اس فن میں استعمال ہونے والے اوزاروں کے لیے بھی کافی پیسا درکار ہوتا ہے۔
س: ویسے بھی بہت سے لوگ اِس کام کو پسند نہیں کرتے؟
ج: ہمارے ہاں لاعلمی کی وجہ سے بہت سے مثبت کام پسند نہیں کیے جاتے۔ ہم نے سائنسی ایجادات بھی بمشکل قبول کیں۔ ماضی کے مقابلے میں بہت سی غیر پسندیدہ چیزیں اب ضرورت بن گئی ہیں۔ مثلاً اب دینی چینل ہماری ضرورت ہے۔ تصویر کے بغیر بہت سی دستاویزات مکمل نہیں ہوتیں۔ ایک زمانے میں بلوچی فلم بننے پر شدید ردّ ِ عمل آیا تھا، جب کہ اِن دنوں بلوچی فلم ’’ دودا ‘‘ کی پورے مُلک میں نمائش جاری ہے۔ ہم بے شمار طبّی آلات کو بھی قبول کرنے سے انکاری تھے،مگر اب کون ان کی اہمیت سے انکار کر سکتا ہے۔
بڑی بڑی دکانوں اور مالز میں پوشاکیں mannequin(مینی کن) پر آویزاں ملیں گی۔ دنیا کے ساتھ چلنے کے لیے بے جا تنقید کا رویّہ ترک کرنے ہی میں ہماری ترقّی پوشیدہ ہے۔ابتدائی دنوں میں اپنے کام کے لیے کچھ علاقوں میں اسٹوڈیو حاصل کیے، تو مالک مکان بہت گھبرائے کہ انھیں آس پڑوس سے اعتراضات کا سامنا کرنا پڑا، لیکن اب لوگوں کے رویّوں میں تبدیلی محسوس کر رہا ہوں، البتہ جن کی سیاسی یا سماجی طور پر جدید ٹیکنالوجی تک رسائی نہیں، وہ غیر دانستہ طور پر غیر منقطی باتیں کرتے ہیں۔
س: اِس شعبے کی ترقّی کے لیے کیا مشورہ دینا چاہیں گے؟
ج: ایک تو کراچی اور لاہور میں این سی اے، کراچی اسکول آف آرٹس،ناپا (NAPA) جیسے ادارے بننے چاہئیں کہ اس طرح اس شعبے کی ترقّی سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ پھر بڑے شہروں، پارکس، اداروں اور شاہ راہوں کی خُوب صُورتی میں مجسموں اور مصوّری کے ذریعے اضافہ کیا جاسکتا ہے۔نیز، یہ فن اپنی تاریخ، اہم کرداروں اور متروکہ اشیاء محفوظ بنانے کے مواقع بھی فراہم کرتا ہے۔
اِس سلسلے میں کوئٹہ اور دیگر شہروں میں کچھ کام بھی ہو رہا ہے، جب کہ اب قومی شاہ راہوں پر بھی بے شمار شاہ کار دیکھنے کو ملتے ہیں۔ ویسے میرا خواب ہے کہ مَیں ضلع مستونگ اور دیگر پس ماندہ علاقوں میں طالبات کے لیے معیاری ادارے قائم کروں۔ وہاں کی اہم سیاسی و سماجی شخصیات کے مجسمے بنائوں اور پیٹنگز کے ذریعے شہروں کو حُسن وخُوب صُورتی سے مالا مال کردوں۔