پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ میری معلومات کے مطابق اس وقت کوئی بیک ڈور بات چیت نہیں ہو رہی، فوجی آدمی کسی کا امیدوار نہیں ہوسکتا، کوئی بے وقوف ہی ہوگا جو ایک جرنیل کو کہے گا کہ میرا امیدوار ہے۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ فوج کا اپنا ادارہ ہے، اس میں کوئی مداخلت نہیں کر سکتا، ہمیں کسی پر اعتراض نہیں جو بھی نامزد ہوتا ہے ہو، یہ ایک سسٹم ہے، وہاں سے ریکمنڈ ہوتا ہے۔
پرویز خٹک نے کہا کہ جو بھی جنرل ہو پاکستان کا بہترین جنرل ہے، بہترین ڈیلیور کرے گا، وہ ملک دشمن تو نہیں ہو سکتا، ہم کلیئر میسج دے چکے ہیں، بس ایک پروپیگنڈہ چل رہا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ آئین اور قانون میں تا حیات توسیع کے اختیارات نہیں، آئین میں صرف عمر کا ذکر ہے، 64، 65 سال تک توسیع ہوسکتی ہے، انہوں نے کیسے کہہ دیا، کبھی پوچھوں گا، ہم سیاسی، پڑھے لکھے لوگ ہیں، اللّٰہ نے عقل دی ہے، کیسے تاحیات کا کہہ سکتے ہیں۔ غلط فہمی ہوگی، الفاظ کے انتخاب میں غلط فہمی ہوئی ہوگی۔
پرویز خٹک نے کہا کہ ہمارا احتجاج آج سے تو نہیں ہے، جس دن سے عمران خان کو اتارا گیا اس دن سے ہے، پہلے دن سے ہمارا مطالبہ ہے کہ انتخابات کروائے جائیں، جو حکومت بنی ہے وہ ڈلیور نہیں کر سکتی۔