بھارتی خاتون بیوٹی پارلر سے واپسی پر ’بیوٹی پارلر اسٹروک سنڈروم‘ کا شکار ہوگئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی ایک 50 سالہ خاتون بال کٹواںے کے لیے بیوٹی پارلر گئی ، جہاں اسے بال کٹوانے سے قبل بالوں کو دھوتے ہوئے فالج کا دورہ پڑ گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق خاتون کے معالجین کا کہنا ہے کہ انہیں فالج کا دورہ اس وقت پڑا جب انہوں نے بال دھونے کے لیے اپنی گردن کو کچھ اس طرح پیچھے موڑا کہ ان کی گردن کی اہم شریانوں پر دباؤ بڑھ گیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ ایسا اس وقت ہوتا ہے جب مالش کرنے والا گردن اور سر پر زور سے دباتا ہے، بعض اوقات تو گردن کو بھی مروڑ دیتا ہے تاکہ پھٹنے کی آواز نکلے۔ اس کی وجہ سے نازک شریانیں زخمی ہو جاتی ہیں۔
ڈاکٹرز کے مطابق فالج کے دیگر مریضوں کی طرح خاتون کو بھی زندگی بھر کے لیے دواؤں کا استعمال کرنا ہوگا۔
واضح رہے کہ مذکورہ خاتون ’بیوٹی پارلر اسٹروک سنڈروم‘ کی واحد مریضہ نہیں ہیں بلکہ اس سے قبل 1993 میں بھی امریکا میں ایک بیوٹی سیلون میں بال دھونے کے بعد پانچ خواتین کو سنگین اعصابی علامات کی شکایت ہوئی۔
انہوں نے شدید چکر آنے، توازن کھونے اور چہرے کے سُن ہونے کی شکایت کی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ان پانچ میں سے چار خواتین کو فالج کا دورہ پڑا تھا۔