سپریم کورٹ نے حلقہ این اے 91 سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ذوالفقار بھٹی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن بحال کرنے کا حکم دے دیا۔
ذوالفقار بھٹی کی دوبارہ پولنگ کے خلاف اپیل پر سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی۔ عدالت عظمیٰ نے دوبارہ پولنگ کے خلاف ذوالفقار بھٹی کی اپیل منظور کرلی۔
خیال رہے کہ ذوالفقار بھٹی عام انتخابات 2018 میں کامیاب ہوئے تھے، جعلی ووٹوں کو بنیاد بنا کر مخالف امیدوار عامر سلطان چیمہ نے دوبارہ پولنگ کی درخواست دی تھی۔
دوبارہ پولنگ کے بعد تحریک انصاف کے عامر سلطان چیمہ کامیاب قرار پائے، دوبارہ پولنگ کے فیصلے کو ذوالفقار بھٹی نے سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سماعت کی اور ذوالفقار بھٹی کو کامیاب قرار دیا۔