• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’ہالی وڈ میں میرا کام بہت سراہا گیا‘‘

بات چیت : وحید زہیر، کوئٹہ

بلوچستان کے مردم خیز خطّے سے تعلق رکھنے والے منجھے ہوئےخُوب صُورت فن کار، حمید شیخ اپنی ورسٹائل اداکاری کے سبب شوبز انڈسٹری میں منفرد شناخت رکھتے ہیں۔ان کا تعلق کوئٹہ سے ہے اوروہ بچپن ہی سے اپنی محنت و لیاقت کے بل بُوتے پر آگے بڑھنے کو ترجیح دیتے آئے ہیں، جب کہ اچھی ٹیم اور مخلص دوستوں کے ساتھ مل جُل کر کام کرنے کو کام یابی کا زینہ مانتے ہیں۔ انہیں انگریزی، اُردو، بلوچی، براہوی، پشتو، پنجابی، سندھی اور دہواری زبانوں پر عبور حاصل ہے،جب کہ لالی وُڈ کی کئی فلموں کے ساتھ ہالی وُڈ کی فلموں میں بھی کام کا اعزاز رکھتے ہیں۔ان کے معروف ڈراموں میں’’نقاب سنگ‘‘، ’’پالے شاہ‘‘ ، ’’زنجیر‘‘، ’’واپسی‘‘، ’’کل‘‘،’’واپسی کی بات‘‘،’’عشق‘‘ اور ’’مٹّی‘‘ ،جب کہ فلموں میں ’’خدا کے لیے‘‘، ’’قندھار بریک‘‘، ’’ہارٹ اینڈ مائنڈ‘‘، ’’O21‘‘، ’’عبد اللہ‘‘، ’’مُور‘‘ اور ’’دی مین فرام کھٹمنڈو‘‘ شامل ہیں۔

ہم نے گزشتہ دِنوں اپنے معروف سلسلے ’’کہی اَن کہی‘‘ کے لیےحمید شیخ سے ان کی نجی اور عوامی زندگی سے متعلق تفصیلی بات چیت کی، جس کا احوال آپ کی نذر ہے۔

نمائندہ جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے……عکّاسی : رابرٹ جیمس
نمائندہ جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے……عکّاسی : رابرٹ جیمس 

س:خاندان، جائے پیدائش، ابتدائی تعلیم و تربیت کے متعلق کچھ بتائیں؟

ج:ہماراخاندان صدیوں سے بلوچستان میں آباد ہے۔ پردادانے اسلام قبول کرنے کے بعد کوئٹہ میں تین بڑی مساجد تعمیر کروائیں۔ والد عبدالرزاق حافظِ قرآن تھے۔ ان کی کتابوں کی ایک بڑی دکان تھی، جب کہ وہ فٹ بال کے مشہور کھلاڑی بھی تھے۔انہوں نے بلوچستان کے خلجی پشتون قبیلے کی سلیمان خیل شاخ میں شادی کی۔ ویسے والد نے تین شادیاں کی تھیں،جن میں سے ایک کا تعلق بھٹو(سندھی)خاندان سے تھا، جب کہ دوسری رئیسانی اور تیسری پنجابی فیملی میں کی۔ میری والدہ براہوی رئیسانی خاندان سےہیں۔ میرے بھائی نثار شیخ اور قادر شیخ ہاکی کے کھلاڑی رہ چُکےہیں۔ مَیں 1969ء میں کوئٹہ میں پیدا ہوا اور بنیادی تعلیم پرائمری اسکول، یٹ روڈ، کوئٹہ سے حاصل کرنے کے بعد میٹرک، سنڈیمن ہائی اسکول سے کیا۔

س:اداکاری کی جانب رجحان کیے ہوا؟

ج: یہ اسکول کے زمانے کی بات ہے، جب مَیں نے تحریکِ آزادی کے موضوع پر بننے والے ڈرامے’’سازش‘‘ میں کام کیا۔یہ ڈرامانام وَر ادیب عارف ضیاء ؔ نے لکھا تھا،جس میں میرا کردار ایک انگریز کرنل کا تھا۔ اس کردار کو اتنی پذیرائی ملی کہ پھر مَیں نے اسی فیلڈ میں آگے بڑھنے کا فیصلہ کرلیا۔بعد ازاں، 1984ء میں جب براہوی ادبی سوسائٹی کے زیرِاہتمام اسٹیج ڈرامے ہو رہے تھے، تو براہوی اسٹیج ڈرامے، ’’بے گانہ‘‘ میں کام کا موقع ملا،جس کے بعد ہی مَیں نے خود کو اس قابل سمجھا کہ مَیں ٹی وی ڈراموں کا حصّہ بھی بن سکتا ہوں، لہٰذا ٹی وی اسٹیشن کا رُخ کیا،لیکن ہر بار آڈیشن دینے پر مایوسی ہی کا سامنا کرنا پڑا۔ 

مگر چوں کہ مَیں اداکار بننے کی ٹھا ن چُکا تھا، اس لیے ہمّت نہ ہاری۔اُن دِنوں ہماری مارکیٹ میں ’’نثار الیکٹرانکس‘‘ کے نام سے ایک دکان بھی تھی، جہاںمَیں اکثر بڑے بھائی نثار کے ساتھ ریڑھی سے سامان اُتارنے، چڑھانے میں مصروف رہتا۔ وہاں اکثر بھائی کے ایک دوست فیض بلوچ، جوٹی وی سیکوریٹی آفیسر فیض تھے، آتے رہتے تھے۔ اب ہوا کچھ یوں کہ قاسم جلالی کا تبادلہ کوئٹہ میں ہوگیا اورانہیں اپنے اُردو ڈرامے کے لیے ایک براہوی بولنے والے لڑکے کی تلاش تھی۔ بھائی کے ذریعے فیض بلوچ کا یہ پیغام مجھ تک پہنچا، تو مَیں بھائی کے ساتھ ہی آڈیشن دینے قاسم جلالی کے پاس گیا، تو وہاں کمرےمیںقاسم جلالی ، فریال گوہر ، جمال شاہ اور اسسٹنٹ پروڈیوسر سجاد احمد موجود تھے۔

کئی لڑکوں میںسے قرعۂ فال میرے نام نکلا اورمجھے تاج رئیسانی کے تحریرکردہ ڈرامے ’’نقاب سنگ‘‘ کے لیے منتخب کرلیا گیا۔ سچ پوچھیں، تومجھے اُس رات نیند ہی نہیں آرہی تھی۔بار بار سرہانے رکھا اسکرپٹ اُٹھاکر دیکھتا کہ کہیں یہ خواب تو نہیں۔ ڈرامے میں میرے کردار کا نام بابل تھا اورآج تک کئی لوگ مجھے بابل کہہ کر ہی پکارتے ہیں۔ خیر، اُس کے بعد یکے بعد دیگرے ڈراموں میں کام ملتا چلا گیا۔’’پالے شاہ‘‘ اور ’’واپسی‘‘(سیزن وَن اور ٹو)میں میرے کام کو بہت سراہا گیا۔ پھر جمال شاہ اور فریال گوہر کے تھیٹر گروپ ’’کاروان‘‘ میں بھی شامل رہا۔ اس کے بعد کراچی سے فیصل بخاری کے ڈرامے’’زنجیر ‘‘میں بھی کام کیا۔

س: فلموں میں کام کے حوالے سے بھی کچھ بتائیں؟

ج: مَیں نے فریال گوہر کی پہلی پاکستانی آرٹ فلم ’’ٹبی گلی‘‘ میں اہم کردار ادا کیا تھا،پھر شعیب منصور کی فلم ’’خدا کے لیے‘‘میں کام مل گیا۔ وہ منکسرالمزاج انسان ہیں، مگر میرے کام سے متاثر ہوکر مجھے نئے آنے والے اداکار فوّاد خان کو کام اداکاری کے رموز سمجھانے کی ذمّے داری بھی سونپ دی۔

س: ہالی وُڈ کا سفر کیسے شروع ہوا؟

ج: ہالی وُڈ میں قدم رکھنے سے قبل میری کچھ فلموں مثلاً مُور، 021اور عبداللہ وغیرہ کو بین الاقوامی شہرت مل چُکی تھی، تو میری خواہش تھی کہ مَیں دُنیا کی سب سے بڑی فلم انڈسٹری میں بھی کام کروں۔سو، مَیں نے اپنی علمی استطاعت اور صلاحیت بڑھانے کے لیے پہلے کئی کورسز کیے۔ مارجی البرٹ ایک بڑے کوچ ہیں، ان سے تربیت حاصل کی۔ یو سی ایل ایک بڑی یونی ورسٹی ہے، جہاں سے بہت سے آسکر ونر ڈائریکٹر نکلے ہیں،وہاں سے تعلیم حاصل کی۔

نیز، ہالی وُڈ کے علاوہ بھی دو تین پراجیکٹس کیے۔جن میں ایک فلم ’’دی آرٹ سینما‘‘ نے متعدّد ایوارڈز حاصل کیے ۔پھر ایک فلم "Away Together"کی۔ پھر امریکا میں فن کاروں کی ایک آرگنائزیشن ایس اے جی(Screen Actors Guild.American) کے نائب صدر نے جب میرا کام دیکھا تو کہا ’’تم بہت باصلاحیت ہو، تمہیں تو امریکا میں ہونا چاہیے۔‘‘،حالاں کہ اُن کا یہ کہنا میرے لیے بہت اعزاز کی بات تھی، مگر مَیں نے کام کے مشکل ہونے کا تاثر دیا، تو انہوں نے مجھے سوچنے کا وقت دیا۔ پھر کچھ وقت بعد مجھے ایک خصوصی ویزا،’’پیپلز وِد ایکسٹرا آرڈینری اپیرینس‘‘(People with Extraordinary Appearance) کے نام سے وصول ہوا،تو مَیں نے اپلائی کردیا۔

اسی طرح ایک بڑی کمپنی نے مجھے ایک سیریز آفر کی، جس میں مجھے لینگویج ایکسپرٹ کے طور پر کام کا موقع ملا اور اس پراجیکٹ کے بعد بھی کئی چھوٹے موٹے پراجیکٹس ملتے رہے، لیکن مَیں جلد اپنے وطن لوٹ آیا۔ دراصل مجھے بیرونِ مُلک گھر کی بہت یاد ستاتی تھی، مگر یہاں آنے کے بعد ایک اور پراجیکٹ ایجنٹ کا فون آگیا اور زُوم پر انٹرویو کے بعد مجھے بطور کنسلٹنٹ اپوائنٹ کرلیا گیا۔ اسی طرح ایک ڈرامے’’دی اولڈ مین‘‘ میںJeff Bridgesکے ساتھ کام کیا۔ نیز، امریکا میں، مَیں صرف اپنے کام تک محدود نہیں رہا، مختلف اداروں سے سیکھنے کا سلسلہ جاری رکھا۔اس کے علاوہ ’’ دی مین فرام کھٹمنڈو ‘‘ میں گلشن گروور کے ساتھ کام کرچُکا ہوں۔

س: ان دِنوں کیا مصروفیات ہیں، کس نئے پراجیکٹ پر کام کررہے ہیں؟

ج: ابھی ہالی وڈ کی فلم ’’دی وِنڈو ‘‘ کا کام مکمل کیا ہے، جس کے آج کل آپ ٹریلرز بھی دیکھ رہے ہوں گے۔

س: یہ سب کیسے ممکن ہوا؟

ج: بلوچستان کےمقامی فن کاروں کو یہ ملکہ حاصل ہے کہ اُن کی اداکاری میں مغرب کی اداکاری کا رنگ جھلکتا ہے۔ 1968ء میں کوئٹہ میں جو پہلی فلم ’’انتقام کی آگ ‘‘بنی، اس کا اسٹائل بھی کافی حد تک مغربی تھا۔ اُس فلم کا نیگٹیو آج بھی میرے پاس محفوظ ہے۔

س: ہماری انڈسٹری، بین الاقوامی مارکیٹ میں کیسے جگہ بناسکتی ہے؟

ج: ہم تو غالباً انٹرنیشنل مارکیٹ کی طرف جانا ہی نہیں چاہتے۔لیکن اب جو جامی جیسے کچھ سنجیدہ ڈائریکٹرز سامنے آرہے ہیں، اگر اُنہیں کام کا موقع دیا گیا، تو مجھے یقین ہے کہ ہم بالی وڈ سے آگے نکل سکتے ہیں۔ یہ سچ ہے کہ بلوچستان کے اداکار کسی سے متاثر نہیں ہوتے، اُن میں قدرتی طور پر وہ صلاحیتیں موجود ہیں، جو ایک فلم کی کام یابی کے لیے ضروری سمجھی جاتی ہیں۔ آپ کو بلوچی اداکاروں میں ایرانی، مغربی اداکاری کی واضح جھلک نظر آئے گی۔ میرا تو خیال ہے کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں جگہ بنانے کے لیے ہمیں مقامی کہانیوں سے استفادہ کرنا ہوگا۔اس ضمن میں فلم ’’مُور‘‘ کی مثال ہمارے سامنے ہے، جسے آسکر، لوکارنو اور کئی فیسٹولز میں خاصی پذیرائی حاصل ہوئی۔

س: ایک طویل عرصے سے شوبز انڈسٹری سے وابستہ ہیں، لیکن کام سلیکٹیڈ ہی کرتے ہیں،اس کی کوئی خاص وجہ؟

ج: سچ کہوں تو مجھے تقریباً روز ہی کسی نہ کسی ڈرامے کی آفر ملتی ہے، لیکن مَیں کام کے معاملے میں بہت سلیکٹیو ہوں۔ خُوب سوچ سمجھ کر ہی ہامی بَھرتا ہوں، خاص طور پر جو کردار دِل و دماغ قبول کرے، وہی کرتا ہوں۔ میرا ماننا ہے کہ اچھی شہرت اور نیک نامی زیادہ کام کی محتاج نہیں، سنجیدہ اور بامقصد کام کی عُمر لمبی ہوتی ہے۔ اور مجھے فخر ہے کہ انڈسٹری میں اکثرمجھ سے مشورے بھی لیے جاتے ہیں ،جیسےآئی ایس پی آر کے ڈرامے ’’ صنفِ آہن ‘‘ کی کاسٹنگ کے معاملے میں مجھے شامل رکھا گیا۔ ویسے میری یہی کوشش ہوتی ہے کہ بلوچستان کے نام وَر اور باصلاحیت فن کاروں کو ساتھ لے کر چلوں اور اس کے لیے مواقع کی تلاش میں رہتا ہوں۔

س: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی بہتری کے لیے کیا مشورے دینا چاہیں گے؟

ج: مسئلہ یہ ہے کہ پاکستان میں اکثر ڈرامے، فلمیں صرف پیسا کمانے کی نیّت سے بنائی جاتی ہیں۔اسی لیے ہم بین الاقوامی سطح پر اس شعبے میں اپنی حیثیت منوانے سے قاصر ہیں۔ مَیں چاہتا ہوں کہ بلوچستان، شوبز انڈسٹری کا’’ فلمی ہب‘‘ بنے کہ یہاںتمام سہولتیں اور ضرورتیں آسانی سے مہیا ہوسکتی ہیں۔ یہاں کہانی، کردار اور زبانوں کی بہت ورائٹی موجود ہے، پھر انڈسٹری کو جو نیچرل ریسورسز درکار ہیں، وہ یہاں وافر مقدار میں موجود ہیں۔

یہ بھی المیہ ہے کہ ہم یوٹیوب، نیٹ فِلکس کی کمرشل مسابقت کی دوڑ میں شامل ہی نہیں ہیں کہ ہمارے پاس ان شعبوں کے ماہرین ہی نہیں ہیں، ہم بس بھیڑچال کا شکار ہیں۔ ہماری اپنی تہذیب کچھ کم زرخیز نہیں، مگرہماری نسل اپنی مثبت روایات و اقدار تو بھولتی ہی جارہی ہے کہ ہم بھارتی ثقافت کے زیرِ اثر زیادہ ہیں۔ سمجھ نہیں آتا کہ ہم نے ان کی پیروی ہی کو اپنی ترقّی کیوں سمجھ لیا ہے۔ ہم جدید دُنیا میں اپنے خالص اوصاف کے ساتھ زندہ رہ سکتے ہیں، بس کے لیے ہمیں جدید ٹیکنالوجی سے مثبت انداز میں فائدہ اُٹھانے کی ضرورت ہے۔

س: مستقبل کے کیا ارادے ہیں؟

ج: میری آبائی زمین سرہ غڑگئی میں ہے۔ مَیں وہاں ایک معیاری اسٹوڈیو بنا کر فن کاروں کی دُنیا آباد کرنا چاہتا ہوں۔ میری خواہش ہے کہ قلم کار، ڈائریکٹر، موسیقار سب کو ایک ایسا مرکز فراہم کروں، جہاں وہ تخلیقی کاموں کے ساتھ اپنی تاریخ و ثقافت اور اقدار و روایات کو بھی محفوظ کرسکیں۔

س: جب فراغت کے پَل میسّر ہوں، تو کیا کرتے ہیں؟

ج: مجھے درخت لگانے کا بہت شوق ہے۔ پھولوں اور کیاریوں کے درمیان رہنا پسند کرتا ہوں۔ اس کے علاوہ گلی محلّوں میں گھومنے والے کتّے، بلیوں کی تکالیف دُور کرنے کی بھی کوشش کرتا ہوں۔

س: کوئٹہ اسکول آف تھاٹ سے متعلق بھی کچھ بتائیں ؟

ج: کوئٹہ اسکول آف تھاٹ کی بہت دِل چسپ تاریخ ہے۔ یہاں کے لوگوں میں بے لوث خدمت اور قربانی کا جذبہ پایا جاتا ہے۔ یہاں کے لوگوں نے مختلف شعبوں میں بے مثال کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، یہاں انگریزوں نے بہت تھیٹر ڈرامے کیے، کیوں کہ کوئٹہ کی بود وباش، رہن سہن، قیام و طعام کا اپنا ایک الگ ہی خُوب صُورت کلچر ہے۔

س: پروفیشنل لائف ،نجی زندگی پر تو اثر انداز ہوتی ہوگی ؟

ج: نہیں ،نہیں ایسا قطعاً نہیں ہے۔ میرا پُرسُکون، آسودہ گھرہی اس سوال کا بہترین جواب ہے۔ میرے دو بیٹے کینیڈا سے تعلیم حاصل کررہے ہیں، جب کہ ایک کوئٹہ میں پڑھ رہا ہے۔ مَیں جب گھر پر ہوتا ہوں،تو اپنے سارے کام خود کرتا ہوں، جب کہ غیر موجودگی میں میرے بیٹے یہ فرض ادا کرتے ہیں۔

س: خوش کس بات پر ہوتے ہیں؟

ج: میرے خوش ہونے کی کئی وجوہ ہیں، جیسے جب انٹرنیشنل پراجیکٹ پر کام کرتا ہوں،تو اپنی زبان و ثقافت کی انفرادیت پر خوش رہتا ہوں۔ ڈزنی لینڈاور آکسفورڈ کے بڑے پراجیکٹ ملنے پر اللہ کے حضورسجدہ ریز ہوا اور بےحد خوشی محسوس ہوئی ۔

س: کیا یہ سچ ہے کہ بلوچستان کے فن کاروں میں مایوسی بڑھ رہی ہے؟

ج: جی، ایسا ہی ہے اور اس کی کئی وجوہ ہیں، جیسے صوبے میں کام نہ ہونااور معاشی طور پرصوبے سے باہر جانے کی سکت نہ رکھنا اور پھر بعض مواقع پر جائز مقام بھی نہ ملنا وغیرہ۔ یہی دیکھیں، معروف اداکار عبدالقادر حارث کو قومی سطح پر جشنِ تماثیل کا اعلان شدہ ایوارڈ مَرتے دَم تک نہیں ملا، اس کے باوجود انہوں نے میرے کہنے پر جامی کے ساتھ کام کیا۔ 

ان کا کام امریکا میں مختلف فورمز پر دیکھنے کے بعد لوگ حیران ہوئے، لیکن زندگی نے اُن سے وفا نہیں کی۔ اِسی طرح عبداللہ غزنوی بھی کئی پراجیکٹس میں میرے ساتھ رہے۔ وہ بین الاقوامی اداکاروں کی صف میں شامل ہوئے۔ میری توکوشش ہوتی ہے کہ اپنے فن کاروں کو جیسے ممکن ہو، مایوسی کی دلدل سے نکالوں۔

س: اکثر کیا سوچ کر دُکھی ہوجاتے ہیں؟

ج: میرے دو بھائی بیماری کی حالت میں انتقال کرگئے تھے، بس اُن کی یاد مجھے دُکھی کردیتی ہے۔

س : سُنا ہے آپ کھانا بہت لذید بناتے ہیں،تو کون سی ڈشز بنانے میں ماہر ہیں؟

ج: الحمد للہ !مَیں کھانے پینے کے معاملے میں ناشُکرا نہیں، جو مل جائے، خوش ہوکر کھالیتا ہوں۔ ویسے مَیں نے اپنے بھائی سے کڑاہی گوشت اور امّی سے گُون کا سالن(جسے بلوچی/ براہوی میں شِنے کہتے ہیں) بنانا سیکھا۔ مَیں جب بھی امریکا جاتا ہوں، تو گُون ضرور لے کر جاتا ہوں، تاکہ وہاں بھی روایتی کھانا بنا کر کھا سکوں۔ اس کے علاوہ مجھے لسّی، روسٹ، سجّی جو بلوچستان کی مقامی ڈشز ہیں، بےحد پسند ہیں۔

س: سُنا ہےآپ کو کئی زبانوں پر عبور حاصل ہے؟

ج: جی بالکل سچ سُنا ہے۔ مجھے انگریزی، اُردو، بلوچی، براہوی، پشتو، پنجابی، سندھی اور دہواری زبانوں پر عبور حاصل ہے اور چوں کہ مَیں زیادہ زبانیں بولنے اور سمجھنے کو فلم انڈسٹری میں کام یابی کی ضمانت سمجھتا ہوں، تو اس اعتبار سے بلوچستان کے فن کارخوش نصیب ہیں کہ انہیں کئی اور زبانوں پر بھی عبور حاصل ہے۔

س: دیکھا گیا ہے کہ ہمارے نوجوان لالی وڈ کی فلمیں زیادہ شوق سے نہیں دیکھتے، تو انہیں اِس طرف کیسے راغب کیا جائے؟

ج: سب سے اہم اقدام تو یہی ہوگا کہ اس انڈسٹری کی ہر سطح پر سرپرستی کی جائے۔ پھر یہ تِھری ڈی کا زمانہ ہے، تو ہمیں تھیٹر اور فلم کو بھی اسی مزاج کے مطابق برتنا ہوگا۔ نیز، نوجوانوں کو کتب بینی کی جانب راغب کرنے کے ساتھ جدید معیاری فلمیں بنانی ہوں گی، تاکہ ہمارے نوجوان لالی وڈ کی فلمیں بھی اُسی شوق و دِل چسپی سے دیکھیں، جیسے ہالی وڈیا بالی وڈ کی دیکھتے ہیں۔

س: کوئی ایسی بات،جو ہالی وڈ میں کام کے دوران شدّت سےمحسوس کی ہو؟

ج: مَیں نے ایک بات شدّت سے محسوس کی کہ وہاں ہر کام میں لوکیشن (مقام)کو بہت اہمیت دی جاتی ہے اور اس میں سہولت اور ضرورت دونوں ہی کا عمل دخل ہے ۔

س: ایک دَور تھا، جب پی ٹی وی کوئٹہ سینٹر کی رونقیںعروج پر ہوتی تھیں، مگر اب حالات اتنےکیوں بدل گئے؟

ج: یوں سمجھ لیں کہ اب پی ٹی وی کوئٹہ سینٹر بند ہوچُکا ہے۔ قومی زبانوں کا چینل ’’بولان‘‘ عدم توجہی کا شکار ہے۔ مطلوبہ فنڈز کی کمی ہے،جسے پورا کرنے کے لیے مَیں نے ہر فورم پر بات کی۔ اس کوشش میں نعیم طاہر ، عتیقہ اوڈھو اور بلوچستان سے مَیں شامل ہوں۔ ہم نے صدرِ پاکستان اورایم ڈی پی ٹی وی سے بار ہاگزارش کی کہ وہ فن کاروں سے کام لیں، انہیں وظیفے کی عادت نہ ڈالیں، اس سے مُلک و قوم کا نقصان ہورہا ہے۔نیز، کوئٹہ آرٹس کاؤنسل کو سرکاری معاملات سے دُور رکھا جائے۔ دیکھیں، جب تک فن اور فن کاروں کے حوالے سے بین الاقوامی طریقے نہیں اپنائے جائیں گے، ان کی ترویج ہوگی، نہ حالات بدلیں گے۔

س: اپنے پورے کیرئیر میں اب تک کون سا کردار سب سے مشکل لگا؟

ج: مَیں سمجھتا ہوں کہ کوئی بھی کردار چھو ٹا یا بڑا نہیںہوتا،البتہ اسےنبھانا مشکل ہوتا ہے، کیوں کہ جب تک اداکار اپنے کردار میں پوری طرح ڈوب نہیں جاتا، حقیقت کا گمان نہیں ہوتا ہے۔ ویسے ایک بات بتاؤں، مجھے بھولنے کی عادت ہے، جس پر اب مَیں بہت شُکر بھی ادا کرتا ہوں، کیوں کہ اس طرح مَیں جو بھی کردار ادا کرتا ہوں، کوئی دوسرا کردار نبھانے تک بھول جاتا ہوں۔ یہی وجہ ہے کہ ہر کردار میرے لیے نیا ہوتا ہے۔ البتہ مَیں اپنے کام سے مطمئن نہیں ہوتا، بلکہ ہر بار اپنے کام میں مزید بہتری لانے کی کوشش کرتا ہوں۔

س: خوشبو اور لباس کون سا پسند ہے ؟

ج: اپنے مُلک کی مٹّی کی خوشبو پسند ہے۔اور لباس، اپنا قومی لباس شلوار قمیص، لیکن ’’جیسا دیس، ویسا بھیس‘‘ کا بھی کسی حد تک قائل ہوں۔ بیرونِ مُمالک اکثر سیٹ پر شلوار قمیص کے ساتھ بلوچی یا سواتی چپّل پہن کر جاتا ہوں، پھر اپنے دوستوں، میزبانوں کے لیے بھی یہاں کی سوغاتیں ضرور لے جاتا ہوں،خاص طور پر یہاں کی روایتی چادرتو وہ بہت شوق سے اپنے کندھوں پر لٹکاتے ہیں۔

س: کوئی خواہش ، جو تشنہ ہو؟

ج: میرے والد بتاتے تھے کہ ہم ایک مخصوص لباس پہن کر فلم دیکھنے کے پابند تھے،تو مَیں وہ کلچر دیکھنےکا خواہش مندہوں۔ مَیں یہ بھی چاہتا ہوں کہ ہم سب باہمی محبّت، مہمان نوازی اور دیگر خصوصیات کو پروان چڑھائیں۔

س: فلم اور ڈراما انڈسٹری کے فروغ کے لیے حکومت کو کیا اقدامات کرنے چاہئیں؟

ج: ہمیں مشترکہ منصوبہ بندی(Joint Venture) کی جانب بڑھنا ہوگا، اس کے لیے چائنا ایک بڑی مارکیٹ ہے۔ یوں بھی ہمیں اپنے سافٹ ویئرز کے لیے اس سے بہتر مارکیٹ نہیں مل سکتی۔ پھر ایران و دیگر مُمالک کے ساتھ بھی مل کر کام کرنا چاہیے۔ بات یہ ہے کہ ہم جب تک اس شعبے کی اہمیت نہیں سمجھیں گے، اس کے اقتصادی فوائد حاصل کرپائیں گے، نہ عوام کو مثبت تفریح ہی مہیا کرنے میں کام یاب ہوں گے۔

سنڈے میگزین سے مزید