پاکستانی نژاد برطانوی گلوکار زین ملک نے برطانوی وزیراعظم رشی سونک سے خصوصی اپیل کی ہے۔
زین ملک نےفوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر برطانوی وزیر اعظم کے نام لکھے ایک خط کی تصویر شیئر کی ہے۔
اُنہوں نے برطانوی وزیراعظم سے اپیل کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ستمبر 2022ء میں 4 ملین سے زائد بچوں نے غذائی قلت کا سامنا کیا اور 8 لاکھ بچے اسکول میں ملنے والے ’مفت کھانے‘ سے بھی محروم رہے۔
اُنہوں نے لکھا کہ یہ بچے ضروری توجہ سے محروم ہیں جبکہ ان میں کچھ تو بھوک کی وجہ سے اسکول کینٹینز سے کھانا چوری کرنے پر مجبور ہیں کیونکہ ان کے پاس اتنے پیسے نہیں کہ کھانا خرید سکیں۔
اُنہوں نے مزید لکھا کہ ایسا کرنے پر وہ شرمندگی بھی محسوس کرتے ہیں جس کی وجہ سے ان کی ذہنی اور جسمانی صحت متاثر ہوتی ہے۔
زین ملک نے لکھا کہ میں نے اس امید سے یہ خط لکھا ہے کہ ہم سب مل کر اس بات کو یقینی بنائیں کہ کوئی بھی بچہ کبھی دوبارہ بھوک اور ایسی بد ترین صورتحال کا تجربہ نہ کرنا پڑے۔
اُنہوں نے اپنے بچپن کے مشکل دور کو یاد کرتے ہوئے لکھا کہ میرے بچپن کا تجربہ بھی موجودہ حالات سے مختلف نہیں، افسوس کی بات یہ ہے کہ انگلینڈ میں بہت سے بچے ابھی اس مشکل سے گزررہے ہیں۔
زین ملک نے برطانوی وزیرِاعظم کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ بطور وزیرِاعظم آپ کے پاس ان حالات کو بدلنے کا اختیار ہے۔
اُنہوں نے لکھا کہ برائے مہربانی، 17 نومبر کو اپنے بجٹ میں غریب بچوں کے لیے اسکول میں مفت کھانے کی سہولت کو بڑھائیں۔
اُنہوں مزید لکھا کہ بھوک کا شکار بچوں کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا اور ناہی اُنہیں سیاسی مسائل اور نظریات کی نظر کیا جاسکتا ہے۔