• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اور ترکیہ عالمِ اسلام کے دو ایسے ممالک ہیں جن کی افواج پر پورے عالمِ اسلام کی نگاہیں مرکوز ہیں اور تمام اسلامی ممالک اپنے اپنے ملک کی افواج اور سیکورٹی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ان ہی دو ممالک سے رجوع کرتے ہیں، قطر میں ورلڈ فٹبال کپ میں انہی دونوں ممالک کے فوجی دستے سیکورٹی کے فرائض ادا کریں گے۔ دونوں ممالک کی افواج میں بعض معاملات میں مماثلت پائی جاتی ہے۔ترکیہ میں اتحادی ممالک کے خلاف فتوحات کے چیف آف جنرل اسٹاف اور فیلڈ مارشل کی حیثیت سے مصطفی کمال اتاترک نے پہلے قومی اسمبلی حکومت کے سربراہ کے طور پر اور پھر چار بار صدر مملکت منتخب ہو کر ملکی نظم و نسق میں فوج کے کردار کی بنیاد رکھ دی جبکہ پاکستان کے قیام کی کہانی ترکیہ سے بالکل مختلف ہے ۔ قیام پاکستان میں قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں سیاستدانوں نے بڑا اہم کردار ادا کیا اور یہ جنگ اپنی سیاسی قوتِ بازو سے جیتی لیکن پاکستان کے قیام کے گیارہ سال بعد جنرل ایوب نے 1958ء میں ملک میں سیاستدانوں کو اقتدار سےہٹاتے ہوئے مارشل لا نافذ کردیا اور ملکی نظم و نسق میں فوج کوشامل کرنے کی بنیاد رکھتے ہوئے اسے آئینی تحفظ بھی فراہم کردیا ۔

ترکیہ میں اتاترک کے بعد جنرل عصمت انونو کی قیادت میں فوج طویل عرصے تک ملک کے سیاہ وسفید کی مالک رہی اور پاکستان کی طرح ترکیہ میں بھی وقفے وقفے سے مارشل لالگتا رہا ۔ 27مئی 1960ء کوچیف آف جنرل اسٹاف، جنرل جمال گرسل نےاقتدار پر قبضہ کرتے ہوئے آئین میں تبدیلیاں کیں اور فوج کوملکی نظم و نسق میں شامل کرتے ہوئے اعلیٰ ملی دفاعی کونسل (جسے بعد میں نیشنل سیکورٹی کونسل کا نام دے دیا گیا)قائم کردی۔

ترک فوج نےملک میں مارشل لا ہو یا نہ ہو ہمیشہ ملکی نظم و نسق پر اپنی گرفت مضبوط رکھی اور ملکی انتخابات اور خاص طور پرپارلیمنٹ کو ہمیشہ ہی اپنے مقاصد کی تکمیل کیلئے استعمال کیا، ملک کے ابتر سیاسی حالات کو دیکھتے ہوئے جنرل کنعان ایورن نے 12ستمبر1980ء کو ملک میں مارشل لا نافذکردیا اور پھر پاکستان کے جنرل ضیا الحق اور جنرل پرویز مشرف کی طرز کا ریفرنڈم کرواکے سات سال کیلئےخود کو صدرمنتخب کروانے کے ساتھ ساتھ ملک کا نیا آئین بھی منظور کروالیا جس پر آج بھی مختلف ترامیم کے ساتھ عمل درآمد جاری ہے۔

صدر کنعان ایورن کے بعد ملک ایک بار پھر اتحادی حکومتوں کی وجہ سے سیاسی اور اقتصادی طور پر کمزور سے کمزور تر ہوتا چلا گیا جبکہ 3نومبر 2002 کوہونے والے عام انتخابات میں رجب طیب ایردوان کی قیادت میں قائم جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی نے بڑے پیمانے پر کامیابی حاصل کرتے ہوئے اس اتحادسے نجات حاصل کرلی اور ملک کو اقتصادی لحاظ سے دنیا کے پہلے سولہ ممالک کی فہرست میں شامل کرانے میں کامیابی حاصل کی لیکن ترک فوج نے ان کی حکومت کی راہ میں مسلسل رکاوٹیں کھڑی کرنے کا سلسلہ جاری رکھا اور ملک کے کسی بھی ادارے میں نئی حکومت کو اپنے پسند کے بیوروکریٹس متعین کرنے کی اجازت ہی نہ دی ۔

ایردوان کی قیادت میں سول حکومت کے مضبوط ہونے اور عالمی سطح پر اس کی مقبولیت میں اضافے کی وجہ سے فوج نے ایک بار پھر ایردوان حکومت کا تختہ الٹنے کی 15 جولائی 2016 کو ناکام کوشش کی جس پر ایردوان حکومت نے آئین میں ترامیم کراتے ہوئے تختہ الٹنے والوں پر سول عدالت میں مقدمہ چلانے کی بھی راہ ہموار کروالی اور اس طرح استنبول کی سول عدالت میں ترکی کی تاریخ میں پہلی بار فرسٹ آرمی کے کمانڈر انچیف، فضائیہ اور بحریہ کے سربراہ اور چیف آف جنرل اسٹاف سمیت اعلیٰ365 فوجی افسران پر بغاوت کے الزام میں مقدمے کی کارروائی کا آغاز کیا گیا اور طویل مقدمے کی کارروائی کے بعد 325 افسران کو سزا سنائی گئی۔ یہ ایردوان حکومت کی ایک ایسی کامیابی ہے جس نے مستقبل میں فوج کے سول حکومت کے انتظامی معاملات میں مداخلت کے تمام دروازے بند کر دیئے۔

ایردوان حکومت کا سب سے بڑا کارنامہ فوج کو وزارتِ دفاع اور وزیر دفاع کی جانب سے دئیے جانے والے احکامات کی تعمیل کروانا ہے۔ اس سے قبل ترکیہ میں وزیر دفاع کا کردار صرف کاغذوں تک ہی محدود تھا اور چیف آف جنرل اسٹاف(ترکیہ میں چیف آف آرمی اسٹاف نہیں ) ہی ملک کے کرتا دھرتا تھے۔ان کے بیانات اور احکامات کو میڈیا ہمیشہ اولیت دیتا ۔ فوج جب چاہتی اخبارات اور میڈیا کی خبروں کو سنسر کردیتی اور کسی کو بھی چون و چراکی ہمت نہ ہوتی لیکن 15جولائی کی ناکام فوجی بغاوت نے ملک میں سب کچھ تبدیل کرکے رکھ دیا اور اب فوج عملی طور پر بیرکوں میں واپس جاچکی ہے اور ملکی سیاست میں کسی قسم کی دخل اندازی کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی لیکن اس کا ہرگز مطلب یہ نہیں ہے کہ فوج کی تکریم ، عزت و احترام میں کوئی کمی آئی ہے بلکہ اس کے برعکس فوج کی تکریم اور عزت و احترام میں وقت کے ساتھ ساتھ اضافہ ہوتا جا رہا ہے کیونکہ یہ فوج اب سیاست میں نہیں بلکہ ملکی دفاع کو مضبوط بنانے اور دفاعی صنعتی پیداوار کی جانب بھر پور توجہ مرکوز کئےہوئےہے۔ پہلی بار ملک میں دفاعی ضروریات کا اسی فیصد ترکیہ ہی میں مقامی وسائل سے تیار کیا جا رہا ہے اور مقامی ڈرونز نےترکیہ کو امریکہ اور چین جیسے ممالک کی فہرست میں شامل کردیا ہے۔ ترکیہ کی فوج کی تکریم اور احترام میں اضافے کا اندازہ آپ ترکیہ میں کسی بھی شہید فوجی کے جنازے سے لگا سکتے ہیں جس میں حکومت، عوام اور فوج کے اعلیٰ حکام بڑی تعداد میں شرکت کرتے ہیں اور فوجی شہید کی خبر کو تمام میڈیا نمایاں طور پر پیش کرتا ہے۔ پاکستانی افواج بھی پاکستان کے عوام کے دلوں میں بستی ہے اوراسے پردے کے پیچھے ہی رہ کر ملکی دفاع کی طرف توجہ دینا ہے ورنہ پاکستانی سیاستدان بلا کسی ثبوت اور شواہد کے فوج کو نشانہ بناتے رہیں گے۔

تازہ ترین