سیکیورٹی زرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے نورخان ایئربیس چکلالہ سمیت تین ایئر بیسز پر حملے کی کوشش ناکام بنادی گئی، ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارت پاکستان کے جواب کا انتظار کرے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا بریفنگ میں کہنا ہے کہ نور خان ایئربیس، مرید بیس اور شورکوٹ کو نشانہ بنایا گیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاک فضائیہ کے تمام اثاثے محفوظ ہیں، بھارت نے فضا سے زمین پر مار کرنے والے میزائل داغے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ افغانستان پر بھی بھارت نے میزائل داغے ہیں، بھارت پورے خطے کو جنگ کی طرف دھکیل رہا ہے، بھارت پاکستان کے جواب کا انتظار کرے۔
لاہور میں بھی بھارتی ڈرون مار گرایا گیا، لاہور کے نواحی علاقے نارنگ منڈی میں بھارتی ڈرون مار گرایا گیا ہے، سیکیورٹی ذرائع کے مطابق لاہور شہر میں کسی ڈرون کی پرواز نہیں ہوئی، کوئی دھماکہ نہیں ہوا ہے۔
بھارتی ڈرون شیخوپورہ کےسرحدی گاؤں جےسنگھ والا میں مار گرایا گیا، ڈرون گرنے سے دھماکے کے بعد فصلوں کی باقیات کو آگ لگ گئی۔
ڈرون گرنے سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا، فائر بریگیڈ کے عملے نے آگ پر قابو پالیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اس سے پہلے 77 بھارتی ڈرون حملے ناکام بنا چکا ہے، بھارتی جارحیت کے جواب میں افواج پاکستان کی منہ توڑ کارروائیاں جاری ہیں۔