دوسرے ون ڈے میچ میں بھارت کے خلاف 8 ویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے بنگلادیشی بیٹر مہدی حسن نے سنچری داغ دی۔
میرپور میں کھیلے جارہے میچ میں بنگلادیش کی ٹیم کا آغاز اچھا نہ رہا اور نہ ہی ٹیم درمیان میں کچھ خاص کر سکی تاہم آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے مہدی حسن بھارتی بولرز کے سامنے ڈٹ گئے۔
مہدی حسن نے 83 گیندوں پر ناقابل شکست 100 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 4 چھکے اور 8 چوکے بھی شامل تھے۔
بنگلادیش نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹ پر 271 رنز بنائے ہیں۔
اس سے قبل سیریز کے پہلے میچ میں بھی مہدی حسن نے بھارت کے خلاف جیت میں بہت اہم کردار ادا کیا تھا۔
بنگلادیشی بیٹر کو ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 39 گیندوں پر 38 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔