• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دو خاندان لوٹی دولت واپس کردیں تو معیشت سنبھل سکتی ہے، تحریک انصاف

لاہور(خصوصی رپورٹر)سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ زرداری اور شریف خاندان لوٹی ہوئی دولت واپس کردیں توقومی معیشت سنبھل سکتی ہے۔ دو خاندانوں نے ترقی کے نام پر لئے گئے غیر ملکی قرضوں سے اپنی تجوریاں بھریں۔ ان خیالات کااظہارسینئر صوبائی وزیرنے سیاسی و سماجی شخصیات سے ملاقاتوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات کرنے والوں میں ممبر پنجاب اسمبلی چوہدری اخلاق احمد، مہندرپال سنگھ، رہنما ابرارالحق اور دیگر شامل تھے۔دوسری جانب پی ٹی آئی رہنماؤں سینیٹراعجازاحمدچوہدری ،ایم پی اےسعدیہ سہیل رانا،ڈاکٹر شاہد صد یق خان اورچودھری ایاز عمران نے ایک بیان میں کہا ہے کہ انتخابات میں تاخیر ملک و قوم کے لئے نقصان دہ ہو گی، دسمبر کے آخر تک عمران خان اسمبلیاں توڑ دیں گے،الیکشن کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ 3 سیاسی بے روزگار زرداری ،نواز شریف اور مولانا فضل الرحمان ہیں ۔امپورٹڈ حکومت نے عوام کو مہنگائی کے سوا کچھ نہیں دیا، ملک کو دیوالیہ ہونے تک پہنچا دیا،کھانے پینے کی چیزیں غریب کی پہنچ سے دور ہیں ۔شریف اور زرداری خاندان کی دولت بڑھ رہی اور ملکی معیشت ڈوب رہی ہے۔ عوام تحریک انصاف کو اقتدار میں دیکھنا چاہتے ہیں،عمران خان وقت کی آواز ہیں ۔سارا چوروں کا ٹبر عمران خان کے خلاف اکٹھا ہے ،حکومت نے نہ مانوں کی رٹ لگا رکھی ہے ،عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے انکا محاسبہ کریں گے ،پی ڈی ایم کا چور ٹولہ عوام کے سامنے بری طرح ایکسپوز چکا ہے،نام نہاد تجربہ کار ٹیم پاکستان کو بہت پیچھے لے گئی ہے۔