مرتّب: شفق رفیع
حسبِ روایت سالِ نو کے لیے، آپ کو اپنے پیاروں کے نام پیغامات بھیجنےکا سندیسہ دیا، تو آپ کی جانب سے بھی ہمیشہ کی طرح کھٹے میٹھے اور کچھ تیکھے الفاظ میں گُندھے دِلی جذبات و احساسات پر مبنی پیغامات کا گویا ایک انبار سا لگ گیا۔ تو لیجیے، آپ کی خواہشوں، اُمیدوں، خوشیوں اور نیک تمنّاؤں کی یہ صندوقچی کھول کے آپ ہی کے سامنے رکھے دے رہےہیں۔ ملاحظہ فرمائیے، اپنے پیغام، اپنے پیاروں کےنام۔
(نور میموریل میڈیکل کالج، لاہورکے نام)
اے کاش! سالِ نو میری مادرِ علمی سے وابستہ ہر اُس شخص (انتظامیہ، اساتذہ، طلبہ اور ڈاکٹرز) کے لیےخوشیوں کا پیام بَر ہو، جس نے میری مادرِ علمی کی عزت و تکریم میں کسی بھی طور اضافہ کیا۔ اللہ تعالیٰ نئے سال میں آپ سب پر اپنا فضل و کرم رکھے اور دُکھی انسانیت کی خدمت میں کوشاں لوگوں کو مزید بہتر کام کرنے کی ہمّت و طاقت عطا فرمائے، آمین۔ (ڈاکٹر محمّد حمزہ خان ڈاھا، لاہور سے)
(پیاری امّی جان اور میرے سب پیاروں کےلیے)
نہ کوئی رنج کا لمحہ کسی کے پاس آئے
خدا کرے نیا سال سب کو راس آئے (حرا عباسی کی دُعا )
(میرے راج دُلارے پوتے، رانا محمّد المیر کے نام)
المیر! تم صرف دادا ہی کی نہیں، سب گھر والوں کی آنکھ کا تارا اور سکونِ قلب ہو۔ اللہ کرے، یہ نیا سال بھی تمہاری شوخ و شنگ شرارتوں کا ضامن رہے، آمین۔ (ڈاکٹر محمّد اطہر رضا، فیصل آباد کا پیار)
(جرّی و بہادر پاک فوج کےنام)
وطن کےسجیلے، دلیر، قابلِ فخر جوانو! تم میری ہر دُعا میں شامل ہو، اللہ تمہیں اپنی ہمیشہ اپنی حفاظت اور پناہ میں رکھے۔ (عبدالجبّارخان بن عبدالعزیزخان، نارتھ ناظم آبادٹائون، کراچی)
(شریکِ حیات، راشدہ اطہر کے لیے)
38 سال سےمیری ہم دَم، ہم راز و ہم ساز، الفت و چاہت، میری اوّلین محبّت، میری پیاری بیگم! اللہ رب العزّت تمھیں اپنی حفظ وامان میں رکھے اور نیا سال تمہارے لیے مسرّت و شادمانی اور خوشی و انبساط کا انبار لے کےآئے۔ (ڈاکٹر اطہر رانا، طارق آباد، فیصل آباد کی جانب سے)
(پیاری ممّا، گُلِ حنا کے نام)
اللہ کرے 2023ء آپ کے لیے خوشیوں سے بھرپور ہو اور اس سال آپ کی تمام تر تشنہ خواہشات پوری ہو جائیں، آپ کو اولاد کا سکھ دیکھنا نصیب ہو، آمین۔ (عرشمان علی اور ازلان علی، ہل ٹاؤن، منظور کالونی، کراچی کی دُعا)
(بہت پیاری ص کے نام)
اچھا خاصا بیٹھے بیٹھے گُم ہو جاتا ہوں
اب مَیں اکثر مَیں نہیں رہتا، تم ہو جاتا ہوں (پرنس خان زادہ، سکرنڈ، ضلع شہید بےنظیر آباد کا اظہارِ الفت )
(عالمِ اسلام کے نام)
میری طرف سے تمام عالمِ اسلام کو نیا سال 2023ء بہت بہت مبارک ہو۔ دُعا ہے کہ یہ سال کُل امتِ مسلمہ کے لیےخوش بختی و نیک نامی کا سال ثابت ہو۔ آمین۔ (پرنس افضال شاہین، ڈھاباں بازار، بہاول نگر کا پیغام)
(پیارے بھائی، محمّد سلمان قریشی کے لیے)
ہےجستجو کہ خُوب سے ہےخُوب ترکہاں … اب ٹھہرتی ہے دیکھیے جا کر نظر کہاں … ہم جس پرمر رہے ہیں وہ ہے بات ہی کچھ اور … عالم میں تجھ سے لاکھ سہی، تو مگر کہاں۔ اللہ تعالیٰ آپ کو صحت و تن درستی، درازیِ عُمر اور ہر میدان میں کام یابی و کام رانی نصیب فرمائے، آمین۔ (محمّد کامران قریشی اور شماء فاطمہ، کراچی کی پُرخلوص چاہت)
(قارئین جنگ، سن ڈے میگزین کےنام)
آپ سب کو سالِ نو بہت بہت مبارک ہو ۔ دُعا ہے کہ سال کی یہ پہلی صبح ہی آپ کے لیےخُوب مہکتی، جگمگاتی، خوش بُوئیں اور خوشیاں بکھیرتی آئے۔ اِمسال آپ سب کی تمام تر جائز آرزوئیں اور مُرادیں بر آئیں۔ ربّ تعالیٰ ہمیں سنّتِ نبویﷺ پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائےاور ہمارا مُلک خوب ترقّی کرے۔ (نرجس مختار، خیرپورمیرس، سندھ کی دلی دُعا)
(جنگ، سنڈے میگزین کے قارئین اور پوری ٹیم کے نام)
نئے سال 2023ء کی دستک کے ساتھ آج ہم ’’لاہور، کراچی دوستی زندہ باد‘‘ کا نعرہ لگاتے ہوئےآپ کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھا رہے ہیں۔ اور یہ بلاشبہ ’’آپ کا صفحہ‘‘ ہی کاجادواورکمال ہے، جو سرچڑھ کر بول رہا ہے۔ ہم کبھی بالکل تنِ تنہا کھڑے، اِک محفل یاراں کی تلاش میں تھے، اور پھر جب وہ ہجومِ یاراں ملا، تو گویا ساتھ ہی ہم علم و ادب کی دولت سےبھی مالامال ہوگئے۔سالِ نو کے موقعے پر تمام قارئین اور خصوصاً مدیرہ نرجس ملک اور ان کی تمام ٹیم کےلیے دُعائوں کے کچھ پھول بطور نذرانۂ ستائش پیش ہیں۔ ؎ کوئی پَل نہ تیرا اُداس گزرے … تُو خوش رہے، آبادرہے … تُو جو چاہے وہ ہوجائے … تُو جو چاہے وہ مل جائے … تیری معاف وہ ہر اِک خطا کرے …کچھ ایسے تُجھے ربّ عطا کرے … کوئی رنج کا لمحہ نہ تیرے پاس آئے … خدا کرے نیا سال تُجھے راس آئے۔ (دعا گو، نازلی فیصل، ڈیفینس، لاہور سے)
(رئیستہ المعلمات، باجی رفیعہ کے لیے)
باجی جان! آج سنڈے میگزین کے توسّط سے آپ کا شُکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں کہ آپ نے میری جس طرح قدم قدم پر رہنمائی فرمائی، دین کی سمجھ بوجھ اور شعور عطا کیا، وہ بس آپ ہی کا خاصّہ ہے۔ آپ سے پڑھنا اور آپ کی شاگرد کہلوانا میرے لیے باعثِ صد افتخار ہے۔ میری دِلی دُعا ہے کہ یہ سال اور ہر آنے والا سال آپ کےلیےڈھیروں ڈھیر خوشیاں لے کر آئے، آمین۔ (نیناں اکبر کیانی، صادق آباد)
(’’ سنڈے میگزین‘‘ کےقارئین کے نام)
سب سے التماس ہے کہ آپ سب کو سالِ نو کے موقعے پر ایک بار تو لازماً اپنا محاسبہ کرنا چاہیے کہ ہم نے گزشتہ سال اور پچھلی زندگی سے کیا سیکھا، اور پھر’’جو مِل گیا، اُسے یاد رکھ، جو نہیں مِلا، اُسے بھول جا‘‘ کے مثل آگے اور آگے بڑھنے کی لگن و جستجو میں مصروفِ کار ہو جانا چاہیے۔ (سمیع عادل زادہ، جُھڈّو کا پیغام)
(پیاری بیٹی، ماہ نور جاوید اور پیارے بیٹے، شہیر حسن کے لیے)
میرے بچّو! اللہ پاک تم دونوں کو لمبی، صحت والی زندگی عطافرمائےاورہر دُکھ، پریشانی سے محفوظ و مامون رکھے، آمین۔ (جاوید اقبال اور مسز لبنیٰ جاوید، وحدت کالونی، لاہور کی اَن مول چاہت)
(سابق میٹرو پولیٹن کمشنر، ڈاکٹر سید سیف الرحمٰن کے نام)
2019ء میں ایک منظّم پالیسی کے تحت کراچی کے آکسیجن ٹینک، کڈنی ہِل پارک کے ترقّیاتی کام کا آغاز کیا گیا اور ہزارہا شجرِ سایہ دار لگائے گئے، جو کہ آج تناور درختوں کی صُورت اختیار کر چُکےہیں۔ جب کراچی میں ہوائیں گنگناتی ہیں، تو ہر شخص کے دل سے اس پارک کو وجود بخشنے والے انتہائی جفاکش، جواں ہمّت اور انسان دوست سابق میٹرو پولیٹن کمشنر، ڈاکٹر سیّد سیف الرحمٰن اور ان کی پُرخلوص ٹیم کے لیے دُعائیں نکلتی ہیں۔ سر! آپ کو اورآپ کی پوری ٹیم کو نیا سال بہت بہت مبارک ہو۔وہ کیا ہے کہ ؎ جہاں بھی جائے گا، روشنی لٹائے گا…کسی چراغ کا اپنا مکاں نہیں ہوتا۔ (ضیاالحق قائم خانی،جُھڈّو، میرپورخاص کا جذبۂ ستائش )
(اپنے سب دوستوں، محسنوں، ہم وطنوں اور حُکم رانوں کے نام)
سب کو میری جانب سے سال 2023ء مبارک ہو۔ دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہم گناہ گاروں پر اپنا رحم و کرم فرمائے اور ہم سب سے راضی ہوجائے۔ اے اللہ! ہمیں اپنی اطاعت وفرماں برداری کی توفیق عطا فرما، ہماری زبانوں کو نیک بات کرنے اور حکمت والی گفتگو کرنےکا عادی بنا، ہمارے حکاّم کو عدل و انصاف، عوام پر شفقت کی توفیق دے اور ہمارے مرد و خواتین کو حیا و پاک دامنی کو اپنا شعار بنانے کی ہمت و استطاعت عطا فرما، آمین۔ (ایم ا ے ہاشمی آف گلگت، سولجر بازار، کراچی کی نیک تمنّا)
(تمام ہم وطنوں کے نام)
لو جی، پھر نیا سال آگیا۔ اور ہم ابھی گزرے سال ہی کو یاد کرکر کے کفِ افسوس مل رہے تھے کہ سال گزر گیااور پتا بھی نہیں چلا۔ بہرحال، دُعا ہے کہ سالِ نو سبھی کو راس آئے، سب کی دلی خواہشات، مُرادیں پوری ہوجائیں اور ہمارا مُلک خُوب خُوب ترقّی کرے، آمین۔ (ڈاکٹر ظفر فاروقی، کراچی کا پیغام)
(امّی،ابّو، بہن، بھائیوں اور کزنز کے لیے)
میری طرف سے پوری فیملی کو نیا سال بہت بہت مبارک ہو۔ (عبدالسّلام خان)
(نئے سال کاپیغام، کچھ پُرانوں کے نام)
سالِ نو کا سورج طلوع ہو چُکا ہے، لیکن گزشتہ برس کے کئی کام ادھورے ہیں، تو میری یہی دُعا ہے کہ نئے سال میں سب کے ادھورے کام اور ادھوری خواہشات پوری جائیں۔ تمام دوستوں کو سالِ نو بہت مبارک ہو۔ (قاسم عبّاس،ٹورنٹو، کینیڈا کا اظہارِ تمنّا)
(والد(مرحوم) کے لیے)
آج آپ کو ہم سے بچھڑے تیرہ برس بیت گئے ہیں، مگر آپ کی یاد اور جانے کا غم آج بھی پہلے دن کی طرح تازہ ہے، خصوصاً سالِ نو کے موقعے پر آپ کی یاد بہت کچوکےلگاتی ہے۔ پھر زمانے کی دھوپ، لوگوں کے رویّوں نے بھی سمجھایا کہ باپ کی ٹھنڈی چھاؤں سے محرومی ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ اللہ تعالیٰ آپ کو اپنی رحمتوں کے سائے میں رکھے،آمین۔ (محمّد رفیع کا دُکھ)
(اپنے پیاروں کے نام)
سال پہ سال گزرتے جارہے ہیں اور ساتھ ساتھ رشتوں کی پائیداری کم زور پڑتی جارہی ہے کہ رشتوں کی مضبوطی اور أب یاری کےلیےضروری ہے کہ اُنہیں اپنا وقت دیا جائے، جو بدقسمتی سے آج ہمارے پاس نہیں ہے۔ جانے نئے سال کے اختتام تک کون دنیا میں ہوگا اور کون نہیں، لیکن ابھی بھی وقت ہے، سوچ لیں اور اپنے سب پیاروں کو گلےلگا کر دل سےسارے گِلے شکوے مٹا لیں۔ (طیّبہ سلیم، کراچی کا خلوص و چاہت بَھرا پیغام)
(پیارے وطن ، پاکستان اور پاکستانیوں کے لیے)
اللہ پاک ہمارے گھر، پاکستان کو تاقیامت سلامت، قائم و دائم، خوش حال و آباد رکھے، آمین۔ اور اللہ پاک ہم سب کا حامی و ناصر ہو۔ ( محمّد عمر اسرار، ضلع بھکر، پنجاب کی دُعا)
(اہلیہ، شاذیہ عمران کے نام)
تم نے میری زندگی کو ایک نیا احساس، نیا رنگ دیا۔ حالات چاہے جیسے بھی رہے، تمہارے قدم کبھی نہ ڈگمگائے، ہر مشکل گھڑی میں تم ہمیشہ میرے ساتھ کھڑی رہی۔ جانتی ہو، مَیں ہنستے ہنستے زمانے کے سب سردوگرم کا سامنا کیسے کر پاتا ہوں، کیوں کہ تمہاری ہمّت، دُعاؤں اور بھروسے سے مجھے آگے بڑھنے کی قوت ملتی ہے۔ اللہ کرے ہم عُمر بھر یوں ہی ایک دوسرے کا ساتھ نبھاتے رہیں تمہاری ہر دلی خواہش، تمنّا ضرور پوری ہو، آمین۔ (عمران خالد، گلستانِ جوہر، کراچی)
(قارئینِ کرام کے نام)
ساری مخلوق یہ دُہائی دے
کسی بندے کو نہ خدائی دے
روشنی تو نظر نہیں آتی
بس اندھیرا مجھے دکھائی دے (محمّد اشفاق بیگ، ننکانہ صاحب)
(میرے لختِ جگر محمّد حسّان کے لیے)
ربّ کریم سے دُعا ہے کہ علّامہ اقبال کی دعائیہ نظم ’’لب پہ آتی ہے دُعا بن کے تمنا میری‘‘ میرے پیارے بیٹے کے حق میں قبول و منظور ہوجائے، آمین۔ (محمّد بلال عثمان غنی، مسقط، عمّان کانذرانۂ دُعا)
(اپنے شہزادے بیٹے کے نام)
بہت پیارے بیٹے ریاض الرشید!! اللہ نے تمہیں2022 ء میں ایک ساتھ دو رحمتوں سے نوازا۔ سالِ نو 2023ء کو ان رحمتوں کے شکرانے کے طور پر خوش آمدید کہنا۔ (پروفیسر ڈاکٹر عبدالرشید (ستارۂ امتیاز)، کراچی یونی وَرسٹی، کراچی کی نصیحت)
(استادِ محرم کے لیے)
اللہ پاک، میرے پیارے اُستادِ محترم مفتی تقی عثمانی، محمّد شاہ زیب صدّیقی سمیت تمام اساتذہ کرام کو لمبی عمر عطا فرمائے اور یہ تادیر علم کی کہکشائیں بکھیرتے رہیں، آمین۔ (وقاص علی قریشی، حیدرآباد کی دُعا)
(سالِ نو اور سب ہم وطنوں کے نام)
تُو نیا ہے، تو دکھا صبح نئی، شام نئی… ورنہ ان آنکھوں نے دیکھے ہیں نئے سال کئی۔ اللہ پاک نئے سال میں سب کی خواہشات پوری فرمائے، آمین۔ (محمّد اقبال شاکر، میاں والی کی جانب سے)
(کُل اُمتّ ِ مسلمہ کے لیے)
ہر سال کی طرح اِمسال بھی یہی دُعا ہے کہ ’’اے اللہ تمام مسلمانوں پر اپنا رحم فرما اور ہمیں اپنے حبیب محمّدﷺکی سنّت پر چلنے کی توفیق عطا فرما، آمین‘‘۔ (سونیا عبّاس علی قریشی، ہیرآباد، حیدرآباد کی التجا)
(پاک دھرتی اور اُس کے باسیوں کے نام)
مانا کہ سال 2022ء کا سورج بہت سی تلخ و شیریں یادوں کے ساتھ غروب ہوگیا، لیکن سالِ نو کا سورج نئی امنگوں، اُمیدوں کے ساتھ طلوع بھی تو ہوا ہے۔ گزشتہ سال ہمارے مُلک نے مختلف آزمائشوں، محرومیوں، قدرتی آفات، سیاسی و معاشی بحرانوں اور بیماریوں کا سامنا کیا، کئی لوگ بے روزگار، تو متعدّد بے گھر ہوئے۔ مگر اللہ تعالیٰ سے دُعا ہے کہ یہ نیا سال ہم سب کے لیے بہت سی خوشیاں، کام رانیاں، کام یابیاں اور خوش حالیاں لے کر آئے اور میرے تمام اہلِ وطن خُوب پھلیں پھولیں، آمین۔ اور نئےسال کی آمد کے موقعے پر مَیں حاجی عبدالرزاق، ڈاکٹر ثریّااور ڈاکٹر سکندر کو خوش آمدید بھی کہنا چاہتاہوں۔ (ڈاکٹر شاہ جہاں کھتری، کراچی کا پیغام)