• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بشریٰ بی بی کے خواب دیکھنے پر عمران خان نے تقریب میں آنے سے منع کردیا، عون چوہدری

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے سابق قریبی ساتھی عون چوہدری نے کہا کہ وہ عمران خان کی تقریبِ حلف برداری میں اس لیے نہیں گئے کہ عمران خان نے میسیج کر کے کہا بشریٰ بی بی نے خواب دیکھا ہے تم حلف برداری میں نہیں آسکتے۔

 جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں بات کرتے ہوئے عون چوہدری نے کہا کہ شادی کے بعد ایک ڈنر پر ان کے سامنے بشریٰ بی بی نے جہانگیر ترین سے کہا ’وہ جادوگرنی نہیں ہیں‘۔

 عون چوہدری نے کہا کہ عمران خان کی بشریٰ بی بی سے شادی کے بعد ماحول یہ ہو گیا تھا کہ جو انہیں مرشد بنا لے گا وہ گڈ بک میں آجائے گا، عمران خان کے ناپسندیدہ لوگ بھی بشریٰ بی بی کی بیعت کرکے عمران کے قریب آگئے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے انہیں اپنی ماں اور بڑی بہن سے بڑھ کر عزت دی۔

عون چوہدری نے مزید کہا کہ جمیل گجر اور فرح گوگی ٹرانسفر میں پیسے لیتے تھے، میں نے عمران خان سے کہا پنجاب میں کرپشن ہو رہی ہے، فرح گوگی اور احسن گجر کا بتایا تو عمران نے انہیں عہدے سے ہی ہٹا دیا۔

انہوں نے کہا کہ نااہل اورجاہل شخص کو پاکستان کے 66 فیصد والے صوبے کا وزیر اعلیٰ بنا دیا، فرح گوگی، جمیل گجر اپنی حیثیت میں دخل اندازی نہیں کرتے تھے، انہیں گھر سے سپورٹ تھی، فرح گوگی، جمیل گجر کی اوقات نہیں تھی کہ ایس ایچ او کو بھی فون کر سکیں، ان لوگوں نے پیسے پکڑ کر منسٹر لگائے، نوکریاں دیں، ٹرانسفر پوسٹنگ کی۔

عون چوہدری نے کہا کہ میں نے خان صاحب سے کہا کہ پیسے چل رہے ہیں، عمران خان نے کہا میں نے سنا ہے، عمران خان نے سن کر کہا کہ ایکشن لوں گا، الٹا مجھے ایڈوائزر سے ہٹا دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار ہونے کی سزا ملی ہے، عمران خان مجھ پر بہت اعتماد کرتے تھے، میں نےکبھی ان کا اعتماد نہیں توڑا، میں عمران خان سے دور نہیں ہوا، انھوں نے دور کیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید