گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ اقتدار میں حصہ وہیں ملتا ہے جہاں طاقت ہوتی ہے ورنہ صرف بخشش ملتی ہے، کراچی کے شہریوں سے مجرموں والا سلوک ہو رہا ہے۔
کراچی میں فاروق ستار کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کامران ٹیسوری نے کہا کہ اتنا ظلم برداشت کرکے بھی کراچی کے لوگ خاموش ہیں، نوجوان بےروزگاری کی وجہ سے اپنا حق مانگنے کی بھی ہمت نہیں رکھتے۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کے دل زخمی ہیں، مرہم رکھنے والا کوئی نہیں، یہاں آنے کا مقصد صرف لوگوں کو جوڑنا ہے، ہم سب کراچی کے راستوں کی طرح ٹوٹ چکے ہیں۔
گورنر سندھ نے کہا کہ ہم نے اپنی غلطیوں سے اپنی طاقت کو کھو دیا ہے، ہمیں خود اپنا حق حاصل کرنا ہوگا کوئی مسیحا نہیں آئے گا۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ کراچی میں بجلی نہیں، پانی صرف ٹینکر میں ہے، سمندر بھی اسی شہر میں ہے اور ہم بوند بوند کے محتاج ہیں۔ ہر چیز مافیا کیلئے موجود ہے۔