مدیرِ اعلیٰ: مظہر سلیم مجوکہ
صفحات: 176:، قیمت: 700 روپے
ناشر: ’’کتاب وَرثہ‘‘ غزنی اسٹریٹ، اردو بازار لاہور۔
ڈاکٹر مختار احمد ظفر کی شخصیت کے کئی حوالے ہیں اور ہر حوالہ معتبر ہے۔ اُنہوں نے تعلیم، صحافت، تحقیق اور تنقید کے میدانوں میں اپنی صلاحیت کا بھرپور انداز میں اظہار کیا ہے۔ ملتان اور سرائیکی وسیب کے اداروں، شخصیات اور ثقافت پر بھی اُن کی گہری نظر ہے۔ ڈاکٹر مختار احمد ظفر کی شخصیت اور خدمات کے حوالے سے اِس خصوصی نمبر نے ایک دستاویز کا رُوپ اختیار کرلیا ہے، اُن کی زندگی کی ہر جہت کو اجاگر کیا گیا ہے۔
اِس شمارے میں وہ مضامین بھی شامل ہیں، جو اُن کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے لکھے گئے ہیں اور وہ مضامین بھی ہیں، جو اُنہوں نے خود تحریر کیے ہیں۔ قائدِ اعظم محمّد علی جناح، ڈاکٹر گوپی چند نارنگ اور اسلم انصاری کے حوالے سے اُن کے مضامین بہت شان دار اور معلوماتی ہیں۔ اِس نمبر میں اُن کی داستانِ حیات بھی ہے، جو اُنہوں نے خود لکھی ہے۔
دنیائے ادب کے جن اکابرین نے ڈاکٹر مختار احمد ظفر کو خراجِ تحسین و محبّت پیش کیا ہے، اُن میں ڈاکٹر اے بی اشرف، پروفیسر انور جمال، پروفیسر خادم علی ہاشمی، محبوب جھنگوی، ڈاکٹر سیّد قاسم جلال، فاروق فارس، ڈاکٹر شاہد حسن رضوی، محمّد حفیظ خان، مسیح اللہ خان جام پوری، رضی الدّین رضی، مہر سخاوت حسین اور ارشد خانم شامل ہیں۔ مظہر سلیم مجوکہ اور اظہر سلیم مجوکہ خراجِ تحسین کے حق دار ہیں کہ اُنہوں نے حق دار کو اُس کا حق دیا۔