اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے جبری مشقت کے ذریعے تیار کردہ اشیاء کی درآمد پر پابندی لگادی۔
وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ای سی سی کا اجلاس ہوا، جس میں جبری مشقت کے ذریعے تیار کردہ اشیاء کی درآمد پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ای سی سی نے مہنگائی کی شرح میں کمی اور قیمتوں میں استحکام پر اطمینان کا اظہار کیا، اعلامیے میں کہا گیا کہ ٹماٹر، پیاز، آٹا، لہسن اور چینی کی قیمتوں میں کمی کا رجحان برقرارہے۔
کمیٹی نے گاڑیوں اور آٹو پارٹس کی مرمت کے بعد دوبارہ برآمد کے پائلٹ پروجیکٹ اور گوادر ڈنکی سلاٹر ہاؤس سے گدھے کے گوشت اور کھالوں کی برآمد کے حوالے سے تجاویز منظور کیں۔
اجلاس میں کینابس کنٹرول اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کےلیے 10 کروڑ روپے کی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔
ای سی سی نے بلوچستان میں تعینات افسران کےلیے خصوصی مراعاتی پیکیج کے تحت 31 کروڑ روپے سے زائد کی منظوری دی۔
اجلاس میں ہاکی ٹیم کےلیے ورلڈ کپ کوالیفائی کرنے پر 3 کروڑ کے انعامات کی بھی منظوری دی گئی۔
نیب میں ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اور اے آئی سسٹم کے لیے 37 کروڑ 20 لاکھ روپے مختص کرنے کی منظوری دی گئی۔
ای سی سی نے پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی کےلیے تقریباً 6 ارب روپے کی منظوری دی، اس رقم سے ملازمین کی تنخواہیں اور پنشن ادا کی جائے گی۔