• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا: بنگلادیشی طلبہ کا قتل: ملزم نے اے آئی سے لاش ٹھکانے لگانے کے سوالات کیے

فوٹو: بنگلادیشی میڈیا
فوٹو: بنگلادیشی میڈیا 

امریکی ریاست فلوریڈا میں دو بنگلادیشی طلبہ کے قتل کے مقدمے میں نیا انکشاف سامنے آیا ہے، ملزم نے واردات سے چند روز قبول مصنوعی ذہانت چیٹ بوٹ سے لاش ٹھکانے لگانے کے بارے میں سوالات کیے تھے۔

مقتول جمیل لیمون گزشتہ سال خزاں میں یونیورسٹی میں جغرافیہ، ماحولیاتی سائنس اور پالیسی میں ڈاکٹریٹ کر رہے تھے، جبکہ ناہیدہ برسٹی کیمیکل انجینئرنگ کی طالبہ تھیں اور گزشتہ سال یونیورسٹی میں داخل ہوئی تھیں، پولیس نے اس کیس میں 26 سالہ حشام صالح ابو غربہ کو گرفتار کیا ہے، جو مبینہ طور پر جمیل لیمون کا روم میٹ تھا۔

جمیل کی لاش جمعہ کو برآمد ہوئی، جبکہ ناہیدہ  تاحال لاپتہ ہے، تاہم تفتیش کاروں کا خیال ہے کہ وہ بھی ہلاک ہو چکی ہے۔

استغاثہ کی جانب سے عدالت میں جمع کروائی گئی درخواست میں کہا گیا کہ ملزم نے 13 اپریل کو چیٹ بوٹ سے پوچھا "اگر کسی انسان کو سیاہ کچرے کے تھیلے میں ڈال کر ڈمپسٹر میں پھینک دیا جائے تو کیا ہوگا؟"

جب چیٹ بوٹ نے جواب دیا کہ یہ خطرناک صورتحال معلوم ہوتی ہے، تو ملزم نے دوبارہ سوال کیا "انہیں کیسے پتہ چلے گا؟"

عدالتی دستاویزات کے مطابق ملزم کے ایک روم میٹ نے پولیس کو بتایا کہ اس نے 17 اپریل کو ابو غربہ کو اپارٹمنٹ کمپلیکس کے کمپیکٹر ڈمپسٹر میں گتے کے ڈبے منتقل کرتے دیکھا۔

بعد ازاں ڈمپسٹر کی تلاشی کے دوران جمیل لیمون کا اسٹوڈنٹ آئی ڈی کارڈ اور کریڈٹ کارڈز برآمد ہوئے۔ پولیس کے مطابق ایک سرمئی ٹی شرٹ پر ملنے والا ڈی این اے غالباً لیمون کا تھا، جبکہ باورچی خانے کی چٹائی پر ملنے والا جینیاتی مواد ناہیدہ برسٹی سے مطابقت رکھتا تھا۔

پولیس کے مطابق جمیل لیمون کی باقیات ایک مضبوط کچرے کے تھیلے سے ملیں، جبکہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا کہ ان کی موت متعدد تیز دھار زخموں کے باعث ہوئی۔

ادھر پولیس کی میرین اور ڈائیو ٹیمیں ناہیدہ برسٹی کی تلاش میں ٹمپا کے ہاورڈ فرینکلینڈ برج  کے اطراف سرچ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اتوار کو انسانی باقیات ملنے کی اطلاع دی گئی، تاہم ان کی شناخت ابھی نہیں ہو سکی۔

تفتیش کاروں کے مطابق ملزم نے ابتدا میں دونوں طلبہ کے بارے میں لاعلمی ظاہر کی اور کہا کہ وہ کبھی اس کی گاڑی میں نہیں بیٹھے۔ تاہم لوکیشن ڈیٹا سامنے آنے پر اس نے بیان تبدیل کرتے ہوئے کہا کہ اس نے دونوں کو کلیئر واٹر چھوڑا تھا۔

ملزم کے جسم پر زخموں کے نشانات تھے، جن میں انگلی پر کٹ اور ٹانگوں پر خراشیں شامل تھیں۔ اس نے دعویٰ کیا کہ انگلی پر زخم پیاز کاٹتے ہوئے آیا، ملزم اس وقت ہلز بورو کاؤنٹی جیل میں بغیر ضمانت قید ہے، جبکہ مقدمے کی اگلی سماعت منگل کو ہوگی۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید