• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کور کمانڈرز کانفرنس: پشاور دھماکے کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا عزم

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں پشاور پولیس لائنز کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا جبکہ ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 255ویں کور کمانڈر کانفرنس کے دوران شرکاء کو موجودہ اور اُبھرتے ہوئے خطرات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

کور کمانڈرز نے پشاور پولیس لائنز کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا جبکہ کانفرنس کے دوران عزم کا اظہار کیا گیا کہ پولیس لائنز دھماکے کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

اس موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ غیر اخلاقی اور بزدلانہ کارروائیاں قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتیں۔ بزدلانہ کارروائیاں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی کے عزم کو مضبوط کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بزدلانہ کارروائیاں کسی بھی دہشت گرد تنظیم کے لیے زیرو ٹالرنس کے ساتھ عزم کو مضبوط کرتی ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف آپریشنز پر فوکس جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ 

آرمی چیف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف آپریشنز پائیدار امن کے حصول تک جاری رکھے جائیں۔

کانفرنس میں دہشت گردوں اور ان کے حامی میکنزم کا گٹھ جوڑ توڑنے کے آپریشنز پر بریفنگ دی گئی۔ 

کانفرنس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بھی بریفنگ دی گئی جبکہ فورم نے مقبوضہ کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کرنے کے بھارتی عزائم کا نوٹس لیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈر کانفرنس میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا نوٹس لیا گیا۔ 

کور کمانڈرز کانفرنس نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت کا اعادہ کیا۔

قومی خبریں سے مزید