• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قاہرہ: مصر اور قطر کے تعلقات میں اہم پیشرفت، مشترکہ مشاورتی کمیٹی کا پہلا اجلاس

مصر اور قطر کی وزارتِ خارجہ کی طرف سے تشکیل کردہ مشترکہ مشاورتی کمیٹی کا قاہرہ میں علاقائی اور دو طرفہ مسائل کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس ہوا۔

دونوں ممالک کی وزارت خارجہ نے بتایا کہ اتوار کو کمیٹی کی پہلی ملاقات ہوئی جس سے معلوم ہوتا ہے کہ مصر اور قطر کے تعلقات میں برف پگھل رہی ہے۔

2017 میں مصر نے سعودی عرب، بحرین اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ قطر سے تعلقات ختم کرلیے تھے۔

ان ممالک کا موقف تھا کہ قطر انتہاپسند گروہوں کی حمایت کر رہا ہے جن کے ایران کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں۔

مصر نے قطر پر اخوان المسلمون کی مالی مدد کا الزام لگایا تھا جسے قاہرہ نے 2013 میں کالعدم دہشتگرد تنظیم قرار دیا تھا۔

دونوں ممالک کے درمیان مصالحت اس وقت شروع ہوئی جب قطر کے امیر شیخ تمیم بن حماد نے پچھلے سال جون میں مشترکہ مذاکرات کیلئے قاہرہ کا دورہ کیا۔

جواباً مصر کے صدر عبدالفتح السیسی ستمبر میں دوحہ آئے تھے، دونوں رہنماؤں نے فٹبال ورلڈکپ میچ کے دوران بھی ملاقات کی اور بعد ازاں پچھلے مہینے ابوظبی میں بھی ملے۔

قطر نے پچھلے سال سے مصر کے اندر اپنی سرمایہ کاری میں اضافہ کیا ہے۔

قطر کے ویلتھ فنڈ نے مصر کی کئی سرکاری کمپنیز کے حصص خریدے ہیں اور سینٹرل بینک میں 5 ارب ڈالر کی رقم ڈپازٹ کی ہے تاکہ مصر معاشی بحران سے نمٹ سکے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید