سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی سے امریکا کے منتخب نمائندگان اور پاکستانی نژاد امریکی رہنماؤں نے لاہور میں ملاقات کی۔
12 رکنی وفد کی سربراہی پاکستانی نژاد امریکن ڈیموکریٹ رہنما ڈاکٹر آصف محمود نے کی۔
وفد میں کیلیفورنیا قانون ساز اسمبلی کی ایپروپری ایشن کمیٹی کے سربراہ کرس آرہولڈن بھی شامل تھے۔
ملاقات میں پاک امریکا تعلقات اور ملکی سیاسی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔
امریکی وفد نے کہا کہ ہماری کمپنیز پنجاب میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتی ہیں۔
وفد کا کہنا تھا کہ امریکی کمپنیز زراعت، آئی ٹی، صحت، تعلیم کے شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتی ہیں۔
پرویز الہٰی نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی امریکا اور پاکستان کے بہترین تعلقات کےلیے نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیاسی اور معاشی صورتحال فوری طور پر عام انتخابات کا تقاضا کرتی ہے۔
سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ پوری پی ڈی ایم انتخابات سے خوفزدہ ہے، نااہل حکمران ٹولے کی ایک ہی خواہش ہے کہ کسی طرح انتخابات نہ ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ آئین شکنی کی طرف بڑھنے والے حکمران اب عدلیہ پر حملہ آور ہیں۔
پرویز الہٰی نے کہا کہ مریم نواز عدلیہ پر حملوں میں پیش پیش ہیں، غیر مناسب لب و لہجہ اختیار کیا جا رہا ہے، وہ چاہتی ہیں کہ سیاسی مخالفین کے خلاف عدالتی فیصلے وہ خود سنائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان قوم کا ہیرو ہے، حکومت میں بیٹھا مافیا عمران خان کا مقابلہ نہیں کرسکتا، ہر ضمنی انتخابات کا نتیجہ پی ڈی ایم کو اس کی سیاسی حیثیت بتا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امید ہے سپریم کورٹ آئین کے مطابق 90 روز میں انتخابات کا حکم دے گی۔
اس موقع پر ڈاکٹر آصف محمود نے کہا کہ خواہش ہے کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں مزید استحکام کےلیے کام کرسکوں۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب اور کیلیفورنیا کو سسٹر اسٹیٹس قرار دینے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔