سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی کابینہ کے رکن عبدالحئی دستی کے گھر سے 15 کروڑ سے زائد مالیت کی ملکی اور غیر ملکی کرنسی برآمد ہوئی ہے۔
ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) اینٹی کرپشن پنجاب سہیل ظفر چٹھہ کے مطابق عثمان بزدار کے سابق مشیر عبدالحئی دستی کے مظفر گڑھ میں واقع گھر پر محکمہ اینٹی کرپشن نے چھاپا مارا۔
ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب کے مطابق گھر سے برآمد ہونے والی رقم مختلف منصوبوں میں بطور کمیشن لی گئی تھی۔
سہیل ظفر چٹھہ کے مطابق عبدالحئی دستی کے گھر سے برآمد ہونے والی رقم میں 14 لاکھ درہم بھی شامل ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سابق مشیر پنجاب کے گھر سے نوٹ گننے والی مشین بھی برآمد ہوئی۔
ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب کے مطابق برآمد ہونے والی رقم کی گنتی میں 2 گھنٹے سے زائد کا وقت لگا، برآمد رقم کی مالیت 15 کروڑ 11 لاکھ 56 ہزار روپے ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مظفر گڑھ میں مارے گئے چھاپے کے دوران ملزم کی گرفتاری نہیں ہوسکی ہے۔